(BEEF)کے فنڈ کی بندش سے غریب اور متوسط طبقے کیلئے تعلیمی مسئلہ پیدا ہو سکتا ہے ، کسی بھی قسم کی کٹوتی صوبے کے تعلیمی معیار کو مشکلات سے دوچار کر سکتی ہے ، بی ایس او پجارشال زون
کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک)بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن (پجار) شال زون نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ (BEEF) کی ممکنہ بندش سے متعلق سامنے آنے والی اطلاعات پر اپنی گہری تشویش اور تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان جیسے پسماندہ اور تعلیمی و معاشی مشکلات سے دوچار خطے میں BEEF ایک اہم تعلیمی معاون ادارے کی حیثیت رکھتا ہے، جو گزشتہ تقریباً ایک دہائی سے ہزاروں مستحق اور باصلاحیت طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے حصول میں معاونت فراہم کر رہا ہے۔ اس ادارے کے ذریعے ہر سال 20 ہزار سے زائد طلبہ تعلیمی وظائف سے مستفید ہوتے ہیں، جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ BEEF بلوچستان میں تعلیم کے فروغ، تعلیمی مواقع کی فراہمی اور مستحق نوجوانوں کے روشن مستقبل کی تشکیل میں ایک اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ بلوچستان میں تعلیمی سہولیات کی محدود دستیابی، معاشی ناہمواری، بے روزگاری اور دیگر سماجی مسائل کے باعث ہزاروں طلبہ اپنی تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے میں مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ ایسے حالات میں BEEF جیسے ادارے کی ممکنہ بندش نہ صرف ہزاروں طلبہ کے تعلیمی مستقبل کو غیر یقینی صورتحال سے دوچار کرے گی بلکہ ان غریب اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے خاندانوں کے لیے بھی ایک بڑا تعلیمی مسئلہ پیدا کرے گی، جو اپنے بچوں کو اعلیٰ تعلیم دلوانے کے لیے ان وظائف پر انحصار کرتے ہیں۔ مزید برآں ادارے سے وابستہ تقریباً 60 ملازمین کے روزگار اور معاشی مستقبل پر بھی منفی اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔ کسی بھی ترقی یافتہ اور باشعور معاشرے کی بنیاد معیاری تعلیم، یکساں تعلیمی مواقع اور نوجوان نسل کی علمی و فکری تربیت پر استوار ہوتی ہے۔ حکومتوں کی اولین ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ تعلیمی شعبے میں سرمایہ کاری کو ترجیح دیں، طلبہ کو درپیش مشکلات کا ازالہ کریں اور ایسے اداروں کو مزید مستحکم بنائیں جو معاشرے کے محروم اور مستحق طبقات کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔ بدقسمتی سے اگر تعلیمی معاونت فراہم کرنے والے اداروں کو بند کرنے یا ان کی فعالیت محدود کرنے جیسے اقدامات زیر غور آتے ہیں تو اس سے بلوچستان کے تعلیمی ماحول اور نوجوان نسل کے مستقبل پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ BEEF محض ایک انتظامی یا وظائف تقسیم کرنے والا ادارہ نہیں بلکہ بلوچستان کے ہزاروں نوجوانوں کے تعلیمی خوابوں کی تکمیل کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ اس ادارے کی بدولت معاشی مشکلات کا شکار خاندانوں کے باصلاحیت طلبہ کو اپنی تعلیمی صلاحیتیں بروئے کار لانے اور اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے مواقع میسر آتے ہیں۔ لہٰذا اس ادارے کی بندش کے بجائے اس کی کارکردگی، انتظامی ڈھانچے اور مالی وسائل کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے تاکہ بلوچستان کے دور دراز علاقوں، پسماندہ اضلاع اور محروم تعلیمی طبقات سے تعلق رکھنے والے طلبہ بھی یکساں طور پر مستفید ہو سکیں۔بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن (پجار) شال زون وزیراعلیٰ بلوچستان، صوبائی وزیر تعلیم، محکمہ تعلیم اور تمام متعلقہ حکام سے پرزور مطالبہ کرتی ہے کہ BEEF کی ممکنہ بندش سے متعلق اطلاعات کا فوری نوٹس لیا جائے، کسی بھی ایسے فیصلے پر نظرثانی کی جائے جو ادارے کی فعالیت اور تسلسل کو متاثر کر سکتا ہو، اور ادارے کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے واضح اور عملی اقدامات کیے جائیں۔ حکومت سے یہ بھی مطالبہ کیا جاتا ہے کہ BEEF کے سالانہ بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے، تعلیمی وظائف کی تعداد اور مالی معاونت کو وسعت دی جائے، وظائف کی بروقت ادائیگی یقینی بنائی جائے اور مزید مستحق طلبہ کو اس تعلیمی سہولت تک رسائی فراہم کی جائے۔ بلوچستان کے نوجوان اس خطے کا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں۔ ان کی تعلیم، تربیت اور علمی ترقی پر توجہ دینا دراصل بلوچستان کے بہتر مستقبل پر سرمایہ کاری کرنے کے مترادف ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ نوجوان نسل کو تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اور دوررس پالیسیاں مرتب کرے، نہ کہ ان محدود سہولیات کو بھی ختم کرنے کے اقدامات کرے جن سے ہزاروں طلبہ مستفید ہو رہے ہیں۔ تعلیم کے شعبے میں کسی بھی قسم کی غیر ضروری کٹوتی یا تعلیمی معاون اداروں کی بندش بلوچستان کے پہلے سے مشکلات کا شکار تعلیمی نظام کے لیے مزید مسائل پیدا کر سکتی ہے۔ بلوچستان کے طلبہ کے تعلیمی حقوق کا تحفظ اور نوجوان نسل کے لیے تعلیمی مواقع کی فراہمی تنظیم کی بنیادی فکری و تنظیمی ترجیحات میں شامل ہے۔ تنظیم طلبہ کے جائز تعلیمی مطالبات اور حقوق کے حصول کے لیے ہر جمہوری، آئینی اور پ±رامن جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ اگر BEEF کی ممکنہ بندش سے متعلق خدشات دور نہیں کیے گئے اور حکومت کی جانب سے ادارے کے تسلسل کی ضمانت فراہم نہ کی گئی تو بی ایس او پجار شال زون طلبہ کو اعتماد میں لے کر جمہوری اور پ±رامن احتجاج کا راستہ اختیار کرنے کا حق محفوظ رکھتی ہے۔تعلیم کسی حکومت کا احسان نہیں بلکہ ہر نوجوان کا بنیادی حق ہے۔ بلوچستان کے طلبہ کے تعلیمی مستقبل کو محفوظ بنانا حکومت کی آئینی، اخلاقی اور قومی ذمہ داری ہے۔ BEEF کو بند کرنے کے بجائے مزید فعال، مستحکم اور مو¿ثر بنایا جائے تاکہ بلوچستان کا کوئی بھی مستحق طالب علم محض معاشی مشکلات کی وجہ سے حصولِ تعلیم سے محروم نہ رہ جائے۔


