ڈومیسٹک میں پرفارم کرنیوالوں کو نظر انداز نہیں کریں گے: چیف سلیکٹر

لاہور: قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر محمد وسیم کا کہناہیکہ ڈومیسٹک میں پرفارم کرنے والے نظر انداز نہیں کیے جائیں گے اور جو کھلاڑی بھی سیلیکٹ ہوا وہ ڈومیسٹک کی پرفارمنس پر ہوا ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف سلیکٹر محمد وسیم نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کے تقاضوں کے مطابق کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں شامل کیا ہے، انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے دوریاہم ہیں لیکن ہمیں آگے بھی دیکھنا ہے، ممکن ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ امارات میں ہو۔
انہوں نے کہا کہ غیر معمولی حالات کی وجہ سے ہمیں اسکواڈ کا ابھی اعلان کرنا پڑا جبکہ آئیڈیل تو یہ تھا کہ پی ایس ایل کے میچز دیکھ کر اعلان کرتے مگر لاجسٹک ایشوز کی وجہ سے ہمیں ٹیم کا پہلے اعلان کرنا پڑا۔
چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کی پرفارمنسز کو آئندہ کی سیریز کے لیے ضرور دیکھیں گے اور ڈومیسٹک میں پرفارم کرنے والے نظر انداز نہیں کیے جائیں گے، جو کھلاڑی بھی سلیکٹ ہوا وہ ڈومیسٹک کی پرفارمنس پر ہوا ہے، آصف علی اور دانش عزیز کو موقع دیا لیکن وہ فائدہ نہیں اٹھا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شعیب ملک اور وہاب ریاض سے پہلے بھی بات ہوئی اب بھی ہوگی، ان دونوں کو نظر انداز نہیں کرسکتے ان پر نظر رکھیں گے جب کہ ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی پہلے بھی ایک پیج پر تھے اور اب بھی ہیں۔
محمد وسیم کا کہنا تھا کہ احمد شہزاد نے ڈومیسٹک کے کچھ میچز میں پرفارمنس اچھی نہیں دی، انہیں ہائی پرفارمنس کیمپ میں پرفارمنس کی وجہ سے نہیں بلایا، وہ اگلے ڈومیسٹک سیزن میں پرفارم کریں گے تو ضرور بلایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں