اگلے ہفتے لاک ڈاؤن کا جائزہ لیکر آگے کا لائحہ عمل طے ہوگا، یاسمین راشد

لاہور،وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ صوبے میں ہم نے پچھلے ماہ کی 23 تاریخ سے لاک ڈاؤن کردیا تھا،اب اگلے ہفتے لاک ڈاؤن کا جائزہ لیں گے اور آگے کا لائحہ عمل طے کریں گے۔ایک انٹرویومیں وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ جہاں کورونا وائرس کے کیسز زیادہ ہوں گے ادھر سختی زیادہ ہوگی۔انہوں نے کہا کہ رائے ونڈ میں کیسز بڑھے تو ادھر مکمل لاک ڈاؤن کیا گیا،لاک ڈاؤن سے متعلق فیصلے صورتحال دیکھ کر کرتے ہیں۔پروگرام میں شریک خیبر بختونخوا کے وزیر اطلاعات اجمل وزیر نے بتایا کہ ہم صوبے میں کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ کی صلاحیت پر کام کر رہے ہیں اورمختلف علاقوں میں ٹیسٹوں کی سہولت بڑھا رہے ہیں۔اجمل وزیر نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے بھرپور تعاون کر رہے ہیں، کورونا کی صورتحال اب گھنٹوں کے حساب سے مانیٹر ہوتی ہے اور ہم صورتحال کا جائزہ لے کر ہی فیصلے کرتے ہیں۔بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے کہاکہ صوبے میں 76 افراد کورونا وائرس سے صحتیاب ہوچکے ہیں، جبکہ 3 ہزار سے زائد افراد کے ٹیسٹ کئے جاچکے ہیں۔لیاقت شاہوانی نے کہا کہ ہمارے پاس روزانہ 500 سے 1000افراد کے ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت ہے۔صوبے میں مکمل لاک ڈاؤن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے لیاقت شاہوانی نے بتایا کہ کورونا وائرس کے نہ پھیلنے کی بڑی وجہ لاک ڈاؤن ہے اور اس کے سبب صوبے میں خلاف ورزی پر گرفتاریاں بھی ہوئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں