کوئی بھی صوبائی حکومت اکیلے کچھ نہیں کرسکتی،وفاق ذمہ داری ادا کرے،بلاول بھٹو زرداری

کراچی،پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ کوئی بھی صوبائی حکومت اکیلے کچھ نہیں کرسکتی ہے۔ وفاق سے بار بار مطالبہ کررہے ہیں کہ وہ سندھ کی مدد کرکے اپنی ذمہ داری ادا کرے۔سندھ حکومت سنگین صورت حال کے لئے تیار رہے۔ بدترین حالات میں کورونا وائرس سے مقابلہ کرنے کے لئے سندھ حکومت کے پاس پورا پلان ہونا چاہیے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو بذریعہ ویڈیو لنک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ، وزیرصحت عذرا پیچوہو، سیکریٹری صحت سندھ،ڈاکٹر باری، ایم بی دھاریجو اور ریحان بلوچ اور دیگر نے شرکت کی۔چیئرمین پیپلزپارٹی کو سندھ حکومت کی جانب سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بدین میں انڈس اسپتال میں آئسولیشن سینٹر بنایا گیا ہے، جیکب آباد، دادو، سکھر اور لاڑکانہ میں صحت کی سہولیات پر بھی سندھ حکومت کی خصوصی توجہ ہے۔ نجی اسپتالوں کی انتظامیہ سے بات ہوچکی ہے، وہ اپنے طبی آلات و عملے کے ساتھ ہمارے ساتھ ہیں۔ سرکاری میڈیکل اداروں میں ڈاکٹروں اور نرسوں کو آئی سی یو کی خصوصی تربیت دی جارہی ہے۔ سندھ حکومت کی ریسرچ ٹیم کرونا وائرس کی موجودہ صورت حال کو سامنے رکھ کر مستقبل کے حوالے سے ایک تحقیق بھی کررہی ہے۔اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت سنگین صورت حال کے لئے تیار رہے۔بدترین حالات میں کرونا وائرس سے مقابلہ کرنے کے لئے سندھ حکومت کے پاس پورا پلان ہونا چاہئیے۔گنجائش اور صلاحیت میں اضافے کے حوالے سے تیاریوں میں تیزی لائی جائے۔میڈیکل اداروں سے درخواست کی ہے کہ وہ طبی عملے کی کرونا وائرس کے حوالے سے زیادہ سے زیادہ ہنگامی تربیت کرے۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اپنی ریسرچ میں ملک بھر میں کرونا کی موجودہ صورت حال کا مستقبل کے حوالے سے جائزہ لے۔سندھ حکومت اپنی ریسرچ اسٹڈی سے دیگر صوبائی حکومتوں کو بھی فائدہ دے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کرونا وائرس سے مشتبہ افراد کا صوبے بھر میں ڈاکٹروں سے رابطے کے عمل کو بہتر بنایا جائے۔کوئی بھی صوبائی حکومت اکیلے کچھ نہیں کرسکتی، وفاق کو مدد کرنا ہوگی۔ ہم سب کو مل کر کرونا وائرس کی وبا کا مقابلہ کرنا ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں