حکومت فنڈز کی تقسیم کو سیاسی رنگ نہ دے، خواجہ آصف
اسلام آباد،پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ حکومت احساس پروگرام، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو بروئے کار لائے لیکن فنڈز کی تقسیم کو سیاسی رنگ نہ دے۔ جمعرات کو سپیکر کی بلائی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکومت احساس پروگرام، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو بروئے کار لائے لیکن فنڈز کی تقسیم کو سیاسی رنگ نہ دے۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کا سرکاری وسائل کی تقسیم پارٹی جھنڈوں، رنگوں،بینرز کا استعمال بنیانیں دینے کا عمل مناسب نہیں۔ انہوں نے کہاکہ کورونا کے خلاف جنگ کے موقع پر قومی جذبے کا مظاہرہ ہونا چاہے، قوم کو خانوں میں نہ بانٹیں،ٹائیگر فورس کا استعمال سیاست ہے، یہ قومی جذبے کی نفی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم بھی انفرادی اور پارٹی سطح پر فنڈز جمع کررہے ہیں، عوام کی مدد کررہے ہیں، پی ٹی آئی پارٹی سطح پر فنڈز جمع کرے۔ انہوں نے کہاکہ سرکاری فنڈز کو ایک سیاسی جماعت کی پروموشن کا ذریعہ نہ بنائیں، انہوں نے کہاکہ کوئٹہ میں ڈاکٹرز پر تشدد اور ان کی گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہیں،جن ہاتھوں نے شفا دینی ہے، سٹیتھو سکوپ پکڑے ہوئے ہیں ان میں ہتھکڑیاں پہنائی اور ڈنڈے برسائے جارہے ہیں،جائز مطالبہ کرنے والے ڈاکٹرز پر ناحق تشدد اور پرتشدد رویہ ناقابل برداشت اور قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہاکہ ڈاکٹرز کو حفاظتی لباس اور دیگر ضروری ساز وسامان کی فراہمی یقینی بنائی جائے،وفاق میں قائم کورنٹین مراکز سے متاثرہ افراد کی صوبوں کو منتقلی پر تشویش ہے۔ انہوں نے کہاکہ وفاق سے صوبوں کو بھجوائے جانے والے افراد میں سے پچاس فیصد کے کورونا سے متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں،اتنی بڑی تعداد میں متاثرہ افراد کو صوبوں کو منتقل کرکے حکومت خود ملک میں کورونا پھیلا رہی ہے،ان افراد کی میپنگ اور ٹیسٹنگ بھی نہیں ہورہی جو انتہائی تشویشناک امر ہے،پہلے ہی ملک میں کورونا وبا انتہائی تیزی سے پھیل رہی ہے جو فکرمندی کی بات ہے۔