زمینداروں کے مسائل کے حل کیلئے حکومت سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے، زمرک خان اچکزئی

کوئٹہ:صوبائی وزیر زراعت انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہاہے کہ صوبائی حکومت نے کیسکو کو ساڑھے تین ارب روپے کی ادائیگی کردی ہے،تمام زرعی فیڈرز پر بجلی کی فراہمی پرانے طرز پر بحال کردی جائے گی،زمینداروں کے مسائل کے حل کیلئے حکومت سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز زمیندار وں کودرپیش مسائل سے متعلق منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں زمیندار ایکشن کمیٹی کے چیئرمین ورکن صوبائی اسمبلی ملک نصیراحمدشاہوانی،جنرل سیکرٹری حاجی عبدالرحمن بازئی،حاجی عبدالجبار، کاظم خان،صدیق اللہ آغا، ضیاء،سیکرٹری زراعت قمبر دشتی،سیکرٹری ریونیو،سیکرٹری انرجی،چیف انجینئر کیسکو،منیجنگ ڈائریکٹر کیسکو،ودیگر موجود تھیں۔اجلاس میں فیصلہ کیاگیاکہ محکمہ واپڈا کو حکومت بلوچستان نے ساڑھے تین ارب روپے کی ادائیگی کردی جبکہ ڈیڑھ ارب روپے کی ادائیگی عنقریب کردی جائے گی،کیسکو زمیندار ایکشن کمیٹی کو مطلع کئے بغیر زرعی فیڈرز پر بجلی بند نہیں کی جائے گی،زرعی فیڈرز پر پہلے کی طرز پر بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔کیسکو اور زمینداروں کے درمیان مسائل کے حل کیلئے آئندہ اجلاس میں سیر حاصل بحث کی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ حکومت بلوچستان زمینداروں کے مسائل کے حل کیلئے سنجیدگی سے اقدامات اٹھا رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں