حکومت مدارس سے متعلق نوٹیفکیشن واپس لے کر 5 مئی کو اسمبلی میں ایکٹ منظور کرے، مولانا واسع
کوئٹہ (یو این اے)جمعیت علما اسلام کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ھے کہ بلوچستان حکومت کو دیے گئے الٹی میٹم کے خاتمے کے بعد باقاعدہ احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ مدارس کے معاملے پر جمعیت علما اسلام کسی قسم کی مداخلت برداشت نہیں کرے گی اور یہ معاملہ ان کے لیے ریڈ لائن کی حیثیت رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان حکومت فوری طور پر مدارس سے متعلق جاری نوٹیفکیشن واپس لے، بصورت دیگر سخت ردعمل دیا جائے گا۔مولانا عبدالواسع نے کہا کہ حکومت کو 2 مئی تک مہلت دی گئی تھی، تاہم مطالبات تسلیم نہ ہونے پر اب احتجاجی لائحہ عمل کا اعلان کیا جا رہا ہے۔انہوں نے وزیراعلی بلوچستان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہوش کے ناخن لیں کیونکہ ان کے بقول حکومت آئین کی خلاف ورزی کی مرتکب ہو رہی ہے اور محض معافی کافی نہیں ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ مدارس سے متعلق قانون قومی اسمبلی سے منظور ہو چکا ہے اور اس پر عملدرآمد صوبوں کی ذمہ داری ہے۔ ان کے مطابق مائنز اینڈ منرلز ایکٹ واپس لینے کے باوجود زمینوں کی الاٹمنٹ جاری ہے، جو باعث تشویش ہے۔پریس کانفرنس میں انہوں نے انکشاف کیا کہ گزشتہ روز تین رکنی حکومتی وفد سے مذاکرات ہوئے تھے، جس میں حکومت نے وزیراعلی کی واپسی تک احتجاج موخر کرنے کی درخواست کی تھی تاہم جمعیت علما اسلام کی شوری نے اس تجویز کو مسترد کر دیا۔ھے انہوں نے مطالبہ کیا کہ 5 مئی کو بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں مدارس کا ایکٹ ایجنڈے میں شامل کیا جائے۔ بصورت دیگر 6 مئی کو صوبہ بھر میں احتجاجی مظاہرے اور شٹرڈان ہڑتال کی جائے گی۔انہوں نے خبردار کیا کہ 5 مئی کے اسمبلی اجلاس میں اپوزیشن بھرپور احتجاج کرے گی اور اجلاس کو چلنے نہیں دیا جائے گا۔ تاہم اگر اسی روز مدارس ایکٹ منظور کر لیا گیا تو احتجاج کو یومِ تشکر میں تبدیل کر دیا جائے گا۔سینٹرمولانا عبدالواسع نے مزید اعلان کیا کہ 10 مئی کو صوبہ بھر سے قافلے کوئٹہ کا رخ کریں گے، جبکہ 4 جون کو پشین میں ایک بڑی کانفرنس منعقد کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام احتجاج پرامن ہوگا اور کسی قسم کی سرکاری یا نجی املاک کو نقصان نہیں پہنچایا جائے گا۔آخر میں انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت نے مدارس کے خلاف اقدامات شروع کر دیے ہیں، جو آئینی تقاضوں کے منافی ہیں، اور اس کے خلاف ہر سطح پر مزاحمت کی جائے گی۔پریس کانفرنس سے مولانا صلاح الدین نے خطاب کرتے ہوئے تمام مدارس کے طلبا کو ہدایت کی کہ جمعیت علما اسلام کی قیادت کے اعلان پر مظاہروں میں شرکت کریں پریس کانفرنس کے موقع پر مولانا محمود شاہ اپوزیشن لیڈر میر یونس زہری ملک سکندر ایڈوکیٹ اور دیگر رہنما بھی شریک تھے۔


