زرداری نے فواد چوہدری کو سیاست میں روشناس کرایا، ناصر حسین شاہ

کراچی :سندھ کے وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ فواد چوہدری جب زرداری صاحب کے خلاف بیان دیتا ہے تو میں بہت حیران ہوتا ہوں، صدر زرداری نے فواد چوہدری کو پارٹی میں عزت دی اور سیاست میں روشناس کرایا۔

فواد چوہدری کے بیان پر وزیراطلاعات سندھ سید ناصرحسین شاہ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزراء کراچی میں آکر سندھ حکومت کو بُرا بھلا کہنا اپنا فرض سمجھتے ہیں ، پی ٹی آئی کی حکومت نے گالم گلوچ ، بدتمیزی اور بداخلاقی کی سیاست کی بنیاد ڈالی ہے۔

سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ فواد چوہدری زرداری کے ہاؤس کا طواف کرتا تھا کہ کوئی پوزیشن مل جائے، اب زرداری صاحب اور فریال تالپور کے خلاف بیان بازی دیکھ کر فواد کا چھوٹا پن نظر آتا ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ فواد چوہدری اگلے الیکشن میں سندھ میں پی ٹی آئی کی حکومت کے خواب دیکھ رہا ہے، اگلے الیکشن میں ہجرتی پرندوں کی طرح فواد چوہدری پھر کسی اور پارٹی میں ہجرت کرے گا، نئے الیکشن میں پی ٹی آئی کو پورے ملک میں امیدوار نہیں ملیں گے۔

ناصر شاہ نے کہاکہ اگلے الیکشن میں پی ٹی آئی اپنا سیاسی وجود کھو بیٹھے گی اور کرائے کے ترجمان بھاگ کر اپنے گھونسلوں میں چلے جائیں گے۔ان کاکہنا تھا کہ فواد چوہدری سندھ میں آکر وزیراعلیٰ سندھ کے خلاف بیان دے کر اپنی فرسٹریشن نکالتے ہیں ، فواد چوہدری حلفیہ بتائیں کہ پورے ملک میں کونسا وزیراعلیٰ سب سے بہتر ہے۔

انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری کو اگر فنڈز کی مانیٹرنگ کرنی ہے تو جاکر کے پی کے میں کریں ، وہاں بی آر ٹی اور مالم جبہ کی کرپشن فواد کو نظر نہیں آتی، پنجاب میں رنگ روڈ، چینی چوری ، گندم اسکینڈل اور شراب کے پرمٹس کی کرپشن فواد کونظر نہیں آتی۔

سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پی ٹی آئی نےسندھ میں کرپشن کرنے کے لیے اپنے ایم پی ایز کو ڈائریکٹ فنڈز دیئے ہیں ، سندھ میں پی ٹی آئی کے ایم پی ایز وفاقی فنڈنگ پر چھوٹے چھوٹے منصوبوں میں کرپشن کر رہے ہیں، پانی کی غیر منصفانہ تقسیم سے وفاقی حکومت نے ارسا کو ناکارہ بنا دیا ہے۔

صوبائی وزیر نے کہاکہ فواد چوہدری سندھ میں پانی کی چوری کا الزام لگاکر مسئلے کو کہیں اور لے جانا چاہتے ہیں، وہ اس وجہ سے زیادہ زبان درازی کررہے ہیں تاکہ فردوس آپا دوبارہ نہ آجائیں، فواد بھائی تھوڑی ڈیسینسی ، تھوڑے لحاظ اور اخلاقیات کا مظاہرہ کیا کریں۔انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ نے کہا کہ نیب سیاسی انجینئرنگ کرتاہے اس حساب سے نیازی حکومت کو مستعفی ہوجانا چاہیے۔

سید ناصر حسین شاہ نے کہاکہ فواد کہتا ہے کہ سندھ میں جمہوریت کے نام پر آمریت نافذ ہے، اصل میں فواد نے عمران کی آمریت دیکھی ہے اسی لیے اُن کو ہر جگہ آمریت نظر آتی ہے، ان کو معلوم ہونا چاہیے کہ سندھ حکومت نے بلدیاتی اداروں کو ان کی میعاد مکمل ہونے دی ۔صوبائی وزیر نے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت نے ملک کو سیاسی ،معاشی اور سماجی طور پر کھوکھلا کردیا ہے ، اگلے الیکشن میں پیپلزپارٹی اقتدار میں آکر پورے ملک کی از سر نوتعمیر کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں