ریل سفر اور عید ٹکٹنگ کے لیے آن لائن بکنگ ہوگی، شیخ رشید
لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ ٹرین آپریشن شروع ہونے کی صورت میں مسافر اپنی ٹکٹ صرف آن لائن بکنگ کے ذریعے ہی حاصل کر سکیں گے، لاک ڈاؤن کے بعد تمام ممکن احتیاطی تدابیر کے ساتھ چاروں صوبوں کے عوام کا رابطہ بحال کرنا ہے، ممکنہ طور پر لاک ڈاون کے بعد بھی ریزرویشن دفاتر بند رہیں گے۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کی زیر صدارت ریلوے حکام کا ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس ہوا جس میں وفاقی حکومت کی طرف سے لاک ڈاون ختم ہونے کی صورت میں ریلوے کا ممکنہ لائحہ عمل تیار کیا گیا۔ترجمان ریلوے کے مطابق ویڈیو لنک اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لاک ڈاؤن ختم یا نرمی کی صورت میں وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد چاروں صوبوں میں اپ اینڈ ڈاون کی 24 ٹرینیں چلائی جائیں گی۔ترجمان کا کہنا تھا کہ ٹرینیں چلانے کا مقصد لاک ڈاؤن کے بعد تمام ممکن احتیاطی تدابیر کے ساتھ چاروں صوبوں کے عوام کا رابطہ بحال کرنا ہے،ٹرین آپریشن شروع ہونے کے بعد خصوصی ٹرینوں کے چلنے کے دوران مسافروں اور عملے کے لیے ہدایات پر عمل لازم ہوگا، کوتاہی کی صورت میں پاکستان ریلوے قانون کے تحت سخت ایکشن لے گا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ممکنہ طور پر لاک ڈاون کے بعد بھی ریزرویشن دفاتر بند رہیں گے،ٹرین آپریشن شروع ہونے کی صورت میں مسافر اپنی ٹکٹ صرف آن لائن بکنگ کے ذریعے ہی حاصل کر سکیں گے،ٹرین کی 60 فیصد سیٹیں بک ہونے کے بعد بکنگ روک دی جائے گی تاکہ سماجی فاصلہ پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا سکے۔ترجمان کے مطابق خصوصی ٹرینوں کی بکنگ روانگی سے 24 گھنٹے پہلے بند کر دی جائے گی،خصوصی ٹرینیں چلنے کی صورت میں مسافروں کو ٹرین کی روانگی سے 1 گھنٹہ قبل اسٹیشن پہنچنا ہوگا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مسافروں کے پاس اپنے ماسک، گلوز، سینیٹائزر اور صابن لازمی ہو،مسافروں کو سینیٹائزر واک تھرو گیٹ سے گزارا جائے گا اور ریلوے افسران ان خصوصی ٹرینوں میں مسافروں کے ساتھ سفر کریں گے تاکہ ہدایات پر سختی سے عمل کرایا جاسکے، خصوصی ٹرین آپریشن چلانے کا حتمی فیصلہ وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔