سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی میں انتظامیہ کا طالبات کے ساتھ ناروا سلوک قابل مذمت ہے، بی ایس او
بلوچ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی میں طالبات کے ساتھ انتہائی ناروا سلوک کیا جارہا ہے. طالبات کو رزلٹ آنے سے پہلے اگلے سیمسٹر کی فیس جمع کرنے کے لئے دھمکیاں دی جاتی ہے اور جب طالبات فیس جمع کرنے پہنچتے ہیں تو ایک ہی دفتر اور وہاں ایک ہی شخص فیسز وصول کرنے کے لیے ہوتا ہے جو محض دو گھنٹے کے لئے دفتر میں بیٹھتا ہے. طالبات کی تعداد زیادہ ہونے کی وجہ سے سب کے فیسز وصول نہیں ہوپاتے اور ان کو کلاس میں بٹھایا نہیں جاتا. کلاسز کا وقت بسوں کے نکلنے کے وقت رکھا جاتا ہے اور انہیں محض چند منٹ پہلے مطلع کیا جاتا ہے جس کی وجہ سے اکثر طالبات کی کلاسز مس ہوجاتی ہیں.
ان کا کہنا تھا جب طالبات اپنے مسائل لے کر انتظامیہ کی طرف جاتے ہیں تو ان کے مسائل حل کرنے کے بجائے انہیں بے عزت کیا جاتا ہے اور جب وہ احتجاج کا راستہ اپنانے کی کوشش کرتے ہیں تو انہیں داخلہ منسوخ کرنے سمیت گالیاں اور سنگین نتائج کی دھمکی دی جاتی ہے. طالبات کو احتجاج سے روکنا غیر سیاسی عمل اور آزادی اظہار رائے پہ پابندی کے مترادف ہے جو کسی صورت قابلِ قبول نہیں ہے.
ان کا مزید کہنا تھا کہ یونیورسٹی انتظامیہ طالبات کے مسائل حل کرکے ان کے ساتھ ناروا سلوک اختیار کرنا ترک کردے بصورتِ دیگر بی ایس او احتجاج کا راستہ اپنائے گی.


