عثمان کاکڑ کی موت سے جو سیاسی خلاء پیدا ہوا ہے اسے پورا کرنا ممکن نہیں، خاقان عباسی

کوئٹہ :پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنماء وسابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاہے کہ عثمان خان کاکڑ نے ہمیشہ حق اور سچ کی آواز بلند کی،بلوچستان اور یہاں کی عوام کے مسائل اجاگر کرنے میں جو کردار انہوں نے ادا کیا وہ فراموش نہیں کیاجاسکتا پاکستان کوعثمان خان کاکڑ جیسے اصول پسند رہنماؤں کی اشد ضرورت ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے مسلم باغ میں عثمان خان کاکڑ کی رہائش گاہ پر فاتحہ خوانی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کے ہمراہ مسلم لیگ(ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب،سابق سینیٹرمصدق ملک،سابق صوبائی وزیر شیخ جعفرخان مندوخیل،آغا شاہ زیب درانی،سرداریعقوب خان ناصر، صوبائی صدر جمال شاہ کاکڑ ودیگر بھی موجود تھے۔شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ عثمان خان کاکڑ جیسے سیاسی رہنماء کی ناگہانی موت سے جو سیاسی خلاپیدا ہواہے اس سے پورا کرنا ممکن نہیں انہوں نے ہمیشہ اصولی اور مثبت سیاست کوفروغ دیاہے ان کی سیاسی جہد ناقابل فراموش ہے ہم سمجھتے ہیں کہ عثمان خان کاکڑ کی طرز سیاست ہم سب کیلئے مشعل راہ رہے گی اس موقع پر مریم اورنگزیب نے کہاکہ عثمان خان کاکڑ میرے بڑے بھائیوں کی طرح تھے جنہوں سے ہمیں بہت کچھ سیکھنے کو ملا افسوس ہے کہ وہ ہمیشہ مجھے اپنے علاقے میں مدعو کرتے رہے مگر مجھے اس وقت آنا پڑا جب وہ اس دنیا میں نہیں رہے تاہم ہم سمجھتے ہیں کہ ان کی گفتگو اور ان کی سیاسی جہد ہمارے لئے مشعل راہ رہے گی اور ہم ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے آئین کی بالادستی،قانون کی حکمرانی،جمہور کے تحفظ کیلئے کاوشیں کرتے رہیں گے۔اس سے قبل انہوں نے پشتونخواملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی،عثمان خان کاکڑ کے فرزند خوشحال خان کاکڑ،نصراللہ زیرے،عبدالرحیم زیارتوال ودیگر سے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں