کورونا،باہمی عالمی تعاون سے ہی نجات حاصل کی جاسکتی ہے،بلاول بھٹو زرداری
کراچی، پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کورونا کی وبا سے باہمی عالمی تعاون سے ہی نجات حاصل کی جاسکتی ہے۔امیر اور وسائل رکھنے والے ممالک کو غریب اور کم وسائل والے ملکوں کی مدد کرنا ہوگی۔غریب ممالک کے پاس اتنے وسائل نہیں ہیں کہ وہ تن تنہا کورونا کا مقابلہ کر سکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے غیر ملکی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ وسائل والے ممالک اور عالمی طاقتوں کو ٹیسٹنگ کٹس اور صحت کی سہولیات کی دنیا بھر میں منصفانہ تقسیم کرنا ہوگی۔عالمی طاقتوں کو اب اپنا رویہ بدلنا ہوگا۔آج بھی ایران پر پابندیاں ہیں جہاں لوگ کورونا کی وجہ سے مر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت اب تک مقبوضہ کشمیر کو بند کئے بیٹھا ہے۔مقبوضہ کشمیر میں 250 دن سے لاک ڈاؤن ہے اور لوگوں کے پاس کوئی سہولت نہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان بھی کورونا سے بری طرح متاثر ہوا ہے۔ہمارا نظام صحت اتنا وسیع نہیں کہ اس وبا کا مقابلہ کر سکے۔ہم لاک ڈاؤن اور سماجی دوری کے ذریعے ہی اس وبا سے بچ سکتے ہیں۔اٹلی اور برطانیہ جیسے ملکوں کا نظام صحت بھی کورونا کے پھیلا کی وجہ سے بیٹھ گیا ہے۔ہمارے پاس تو اٹلی اور برطانیہ کے مقابلے میں صحت کا نظام بہت کمزور ہے۔اگر پاکستان میں کورونا کا پھیلا بڑھا تو ہمارا نظام صحت بیٹھ جائے گا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کی اپوزیشن نے وفاقی حکومت کو مشترکہ کاوشوں کی پیشکش کی ہے۔افسوس کے وفاقی حکومت کورونا سے نمٹنے کیلئے سست رفتاری سے کام کر رہی ہے۔صوبے اپنے اپنے طور پر کام کر رہے ہیں۔وفاقی حکومت سے صوبوں کو بہت کم مدد مل رہی ہے۔