اپوزیشن کو تھانوں میں بند کرکے جام حکومت اپنی نااہلی چھپانے کی کوشش کر رہی ہے، (ن) لیگ
کوئٹہ:پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ اپوزیشن کو تھانوں میں بند کرکے جام حکومت اپنی نااہلی کو چھپانے کی جو کوشش کررہی ہے وہ کامیاب نہیں ہوگی اپوزیشن کے تحفظات کا خاتمہ حکومتوں کی ذمہ داری ہوتی ہے اگر اختلاف رائے کو برداشت نہیں کرسکتے تو صوبائی حکومت کو مستعفی ہونے چاہیے ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماء سابق صوبائی وزیر شیخ جعفرخان مندوخیل مرکزی نائب صدر سابق سینیٹر آغا شاہ زیب درانی نے بجلی روڈ تھانہ میں اپوزیشن ارکان سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر اپوزیشن لیڈر ملک سکندر ایڈووکیٹ، بلوچستان نیشنل پارٹی کے ثناء بلوچ،اختر حسین لانگو، میر حمل کلمتی،بابو رحیم مینگل سمیت دیگر اپوزیشن ارکان بھی موجود تھے مسلم لیگ(ن) رہنماؤ ں نے کہاکہ شدید افسوس ناک امر ہے کہ اپوزیشن گزشتہ 12روز سے زائد دن گزرنے کے باوجود تھانے میں موجود ہے جبکہ حکومت اس معاملے کو افہام تفہیم سے حل کرنے کی بجائے معاملے کو طول دینے کی کوشش کررہی ہے اور ایسا محسوس ہورہاہے کہ جام حکومت اپوزیشن کو دیوار سے لگاکر اپنے مفادات کے حصول میں مصروف عمل ہے مگر ناعاقبت اندیش حکمرانوں کو یہ علم نہیں ہے کہ حکومت چلانے میں اپوزیشن کا کردار ناگزیر ہوتا ہے کہ جو حکومتیں اپوزیشن کے آواز دبانے کی روش پر گامزن رہتی ہے ان کا جانا ٹہر جاتا ہے بلاشبہ کہ حکومت اس وقت ایوان کی نرم کرسیوں پر بیٹھی سب اچھا ہے کا راگ الاپ رہی ہے تاہم اس کے باوجود بھی ہم حکومت کو یہ مشورہ دیتے ہے کہ اپوزیشن کے خلاف مقدمہ واپس لے کر ان کے تحفظات کو ختم کیا جائے تاکہ معاملات اسمبلی فلور پر حل ہوسکے اپوزیشن ارکان نے لیگی رہنماؤں کی تھانے آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔


