بلوچستان کے مسائل حل کرنے کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاؤں گا، نومنتخب گورنر بلوچستان

کوئٹہ:نئے گورنر بلوچستان سید ظہور آغا نے کہا ہے کہ وہ بلوچستان کے مسائل حل کرنے کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے اعتماد پر پور اترنے کی بھر پور کوشش کریں گے، گورنر شپ کا منصب صوبے اور وفاق کے درمیان پل کی مانند ہے کوشش ہوگی کہ مرکز اور صوبے کے درمیان بہترین کوآرڈنیشن ہو، صوبے میں تعلیم کی بہتری کے لئے میرٹ کے نفاذ اور اس پر عمل درآمد کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے، ناراض بلوچ بھائیوں سے بات چیت عمران خان کے وژن اور دیرینہ سوچ کا حصہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ایک انٹرویو کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ سید ظہور آغا کا کہنا تھا کہ وہ بلوچستان کے مسائل حل کرنے کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے اعتماد پر پور اترنے کی بھر پور کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ناراض بلوچوں سے بات کرنا عمران خان کی دیرینہ خواہش تھی وہ سال 2007میں موجودہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے ہمراہ کوئٹہ تشریف لائے تو پارٹی ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے یہی بات کہی تھی کہ وہ بلوچ بھائیوں سے بات کریں گے اور انہیں قومی دہارے میں شامل کرنے کی دعوت دیں گے تاکہ وہ صوبے کی دیگر شہریوں کی طرح بلوچستان کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ میری پہلی ترجیح اور عمران کاوژن تعلیمی اداروں میں میرٹ کا نفاذ اور اس پر عمل درآمد ہے، اہل اور قابل لوگوں کو ترجیح دیں گے تاکہ تعلیمی میدان میں درپیش چیلنجز سے نمٹا جاسکے۔ گورنر کا منصب صوبے اور وفاق کے درمیان پل کی مانند ہے بلوچستان وسائل سے مالامال اور امیر صوبہ ہے اس میں بہتر منصوبہ بندی کی ضرورت ہے، کوشش ہوگی کہ وفاق اور صوبے کے درمیان بہترین کوآرڈنیشن رہے تاکہ ماضی کی محرومیوں اور کوتاہیوں کا ازالہ کیا جاسکے۔ عمران خان نے بلوچستان کو فوکس کیا ہے یہ ان کے وژن میں شامل ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں