لاہور میں معروف چینی اسمارٹ فونز کمپنی کا بھی اسمبلنگ پلانٹ کا آغاز
لاہور :چین کی کمپنی ریئل می نے لاہور میں اپنے اسمبلنگ پلانٹ کا آغاز کردیا، ریئل می کے مارکیٹنگ ڈائریکٹر ساؤتھ ایسٹ ایشیا ، جنوبی ایشیا اور لاطینی امریکا شیری ڈونگ نے بتایا کہ پلانٹ لگانے کا فیصلہ پاکستان میں ریئل می اسمارٹ فونز کی بڑھتی ہوئی طلب کے باعث کیا گیا۔
شیری ڈونگ سے سوال کیا گیا کہ کیا مقامی پیداوار اسمارٹ فونز کو پاکستانیوں کے لئے زیادہ سے زیادہ قابل رسائی بنائے گی، جس کے جواب میں شیری نے کہا کہ پلانٹ لگانے سے جہاں ملازمت کے مواقع بڑھیں گے، وہیں بڑے مثبت معاشی اثرات بھی سامنے آئیں گے، پاکستانی صارفین کے لئے ریئل می اسمارٹ فونز اور اس کی مصنوعات خریدنا آسان ہوگا۔
شیری ڈونگ نے مزید بتایا کہ لوکل اسمبلی سیٹ اپ اسمارٹ فونز کے ساتھ ساتھ ملک میں ڈیجیٹل اورٹیکنالوجی کی صلاحیت کو بڑھانے کیلئے رئیل می دیگر مصنوعات بھی تیار کرے گی،لاہور میں ہماری مقامی اسمبلی لائن میں ریئل میں سی ٹوئنٹی ون کی قیمت میں پہلے ہی پانچ ہزار روپے کم کرچکی ہے،اس طرح صارفین اس سے مستفید ہوسکیں گے،پاکستان میں ریئل می جی ٹو نیو جلد متعارف کروایا جائے گا،جس کی قیمت مناسب ہوگی اور خریدنا آسان ہوگا،فون کی اسکرین 6.34، 120Hz ڈسپلے ہوگا،جبکہ دیگر سہولیات بھی موجود ہونگی۔
رواں سال ہی وفاقی حکومت کی موبائل فونز سے متعلق نئی پالیسی سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے تین نئی کمپنیوں نے ملک بھر میں اسمارٹ فونز بنانے کی فیکٹریاں قائم کرنے کا اعلان کیا تھا، پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی نے بتایا تھا کہ ایک چینی کمپنی فیصل آباد، لاہور اور کراچی میں موبائل فون بنانے کا پلانٹ قائم کرنا چاہتی ہے جس سے روز گار کے مواقع پیدا ہوں گے اور موبائل ٹیکنالوجی کو فروغ ملے گا۔


