ملک میں پی پی کیلئے الگ جبکہ عمران خان اور پی ٹی آئی کیلئے الگ قانون ہے، پیپلز پارٹی
کوئٹہ:پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤ ں نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں حکومتی وزراء کھلے عام پیسے بانٹ کر دھاندلی کر رہے ہیں ملک میں پیپلز پارٹی کے لئے ایک جبکہ عمران خان اور پی ٹی آئی کی حکومت کے لئے الگ قانون ہے، آزاد کشمیر کے عوام نے اپنا مینڈیٹ پیپلز پارٹی کو دینے کا وعدہ کر لیا ہے اگر ہمارا مینڈیٹ چرایا نہ گیا تو جیت پیپلز پارٹی کی ہوگی، بلوچستان کے باشعور کشمیری عوام پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو ووٹ دیکر کامیاب بنائیں، یہ بات پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق صوبائی صدر حاجی علی مدد جتک، صوبائی جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ، پیپلز پارٹی ضلع شرقی کراچی کے جنرل سیکرٹری رحیم لالا، شریف خان خلجی، میر ریاض شاہوانی، سردار طارق، ولی محمد قلندرانی سمیت دیگر نے اتوار کو کوئٹہ میں کشمیری برداری کے ساتھ منعقدہ انتخابی مہم اور ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کی مرکزی قیادت کی جانب سے کشمیر کے انتخابات میں بلوچستان سے پیپلز پارٹی کے امیدوار کو کامیاب بنانے کی ذمہ داری دی گئی ہے جسے پورا کرتے ہوئے پارٹی کے امیدوار کو کامیاب بنائیں گے انہوں نے کہا کہ کشمیر کے لئے شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید بے نظیر بھٹو، سابق صدر آصف علی زرداری نے تاریخی کام کئے ہیں پارٹی کبھی بھی مقبوضہ کشمیر کی آزادی کی جدوجہد سے ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹی اور نہ ہی ہٹے گی ہمارا منشور ہے کہ آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کے فیصلے وہاں کی عوام کی مرضی اور منشا کے مطابق ہونے چاہیئں انہوں نے کہا کہ 2018کے انتخابات میں جس طرح پیپلز پارٹی کے مینڈیٹ پر شب خون مارا گیا اسی طرح آزاد کشمیر کے انتخابات میں مینڈیٹ چرانے کی کوشش جاری ہے حکومتی وزراء اپنے ہاتھوں سے لوگوں میں پیسے بانٹ رہے ہیں انہیں پیسے دیکر جلسوں میں بلا رہے ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کے جلسوں میں عوام کا جم غفیر خود امڈ کر آرہا ہے اس سے ثابت ہوتا ہے کہ عوام اعتماد پیپلز پارٹی پر ہے اور وہ 25جولائی کو ہمیں ہی ووٹ دیں گے انہوں نے کہا کہ دھاندلی چھپانے کے لئے حکومت نے میڈیاکو بھی خاموش کروا رکھا ہے انہوں نے کہا کہ کوئٹہ اور بلوچستان کی کشمیر ی برداری کے پاس پیپلز پارٹی کے امیدواروں کے لئے ووٹ مانگنے کے لئے آئے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ بلوچستان کے کشمیری عوام ہمیں مایوس نہیں کریں گے اور پیپلز پارٹی کے امیدوار کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں گے


