ٹائیگر فورس میدان میں آنے سے پہلے ہی مشتبہ ہو چکی ہے، مرتضی وہاب

کراچی, ترجمان سندھ حکومت اور مشیر قانون و ماحولیات بیرسٹر مرتضی وہاب نے وفاقی وزیر فیصل واڈا کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر موصوف بھی کرونا وائرس کی طرح لاعلاج ہیں کاش وہ وزیر اعلی سندھ کو ناکام کہنے کے بجائے وزیر اعلی پنجاب کے بارے میں بھی اپنی ناقدانہ رائے کا اظہار کرتے تو کہیں بہتر ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر اگر پنجاب اور خیبرپختونخوا کی حکومتوں کے بارے میں اپنی ” مدبرانہ” رائے دیتے تو ہم انہیں غیر جانبدار ماننے میں تامل نہ کرتے مگر صرف سندھ حکومت کو تنقید کا نشانہ بنانے سے ان کی سندھ سے پرخاش صاف نظر آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں عوام کو راشن نہ ملنے کا واویلا کرنے والے وزیر موصوف کو پنجاب میں عوام کی ابتر صورتحال نظر نہ آئی اور دوسری جانب خیبرپختونخوا کے ہسپتال لاپرواہی اور نااہلی کی داستان سنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ٹیم کو سندھ حکومت فوبیا ہوگیا ہے جس کی وجہ سے وہ کوئی بھی تعمیری کام کرنے سے قاصر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ابھی تک کرونا وائرس کی عالمی وبا پر قومی بیانیہ تشکیل دینے میں ناکام ہے اور وزیراعظم کی ذہنی اختراع پر مبنی ٹائیگر فورس کے مشتبہ کارناموں کی جھلک وفاقی وزرا کے بیانات سے آشکار ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ہمیں اس نازک وقت میں سیاسی محاذ آرائیوں سے دور رہنے کا حکم صادر کیا ہے ورنہ پیپلز پارٹی نااہل سلیکٹیڈ حکومت کی نالائقی پر حقائق بیان کرے تو عوام کرونا وائرس کو فراموش کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے راہنما ہمیشہ کی طرح اس کٹھن صورتحال میں بھی انسانیت دشمن بنے ہوئے ہیں جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت کو اپنی عوام کی فکر دامن گیر ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں