کشمیر الیکشن، پی ٹی آئی 2، پی پی اور ن لیگ ایک ایک نشست پر کامیاب
آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کی 45 نشستوں کیلئے پولنگ کا وقت ختم ہوگیا جبکہ ووٹوں کی گنتی کے ساتھ ساتھ نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔
آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے لیے ہونے والی پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہی۔
انتظامیہ نے بات نہ سنی تو مددکیلیے بھارت کو پکاروں گا، ن لیگی امیدوارکی دھمکی
پولنگ کا وقت ختم ہونے پر پولنگ اسٹیشن کی حدود میں موجود افراد ووٹ کاسٹ کرسکیں گے۔
پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کا سلسلہ جاری ہے اور متعدد پولنگ اسٹیشنز سے نتائج موصول ہونا شروع ہوگئے ہیں۔
غیرحتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف 2 جبکہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے ایک ایک نشست حاصل کرلی ہے۔
ایل اے 40کشمیر ویلی 1 سے غیرحتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے عامر عبدالغفار 2165 ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے جبکہ تحریک انصاف کے محمد سلیم بٹ 875 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔
ایل اے 41 کشمیر ویلی 2 پنجاب کے تمام 17 پولنگ اسٹیشنوں کے غیرحتمی اور غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پی ٹی آئی کے غلام محی الدین دیوان 2326 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ ن لیگ کے محمد اکرام بٹ 741 ووٹ لے کردوسرے اور پیپلزپارٹی کے شبیرعباس میر166 ووٹ لےکر تیسرےنمبرپررہے۔
غیرحتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق ایل اے 43 کشمیر ویلی 4 سے پی ٹی آئی کے جاوید بٹ 782 ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے جبکہ ن لیگ کی نسیمہ خاتون 720 ووٹ لے سکیں۔
اسی طرح ایل اے 44 کشمیر ویلی 5 کے غیرحتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے احمد رضا قادری 2007 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے جبکہ آل جموں کشمیر مسلم کانفرنس کی مہرالنسا 1163 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہیں۔
پولنگ میں 32 لاکھ سے زائد ووٹر حق رائے دہی استعمال کریں گے، پاکستان میں بسنے والے ساڑھے 4 لاکھ سے زائد کشمیری بھی ووٹ ڈالیں گے۔
آزاد کشمیر الیکشن کمیشن کے چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) عبدالرشید سلہیریا نے بھی پریس کانفرنس کی اور سرکاری طور پر 2 حلقوں کے نتائج کا اعلان کیا۔
انہوں نے اعلان کیا کہ ایل اے 43 سے تحریک انصاف کے جاوید بٹ 782 ووٹ لے کر کامیاب جبکہ ایل اے 40 کشمیر ویلی 1 سے پیپلزپارٹی کے عبدالغفار لون 2165 ووٹ لیکر کامیاب قرار پائے۔
چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھاکہ آزاد کشمیر کے انتخابات مجموعی طور پر پرامن رہے جہاں ضابطے کی خلاف ورزی ہوئی متعلقہ اداروں کو کارروائی کا کہا ہے۔
دوسری جانب پولنگ کے دوران مختلف حلقوں میں سیاسی جماعتوں کے کارکنان آمنے سامنے آگئے اور پرتشدد واقعات بھی ہوئے۔
کوٹلی کے حلقہ ایل اے 12 چڑھوئی میں دو سیاسی جماعتوں کے کارکنان میں مسلح تصادم ہوا اور فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔
بعدازاں فائرنگ کا ایک اور زخمی بھی دم توڑ گیا جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 2 ہوگئی۔
ایل اے 15 باغ آزاد کشمیر کے علاقے میں دو سیاسی جماعتوں کے کارکنوں میں بھی تصادم ہوا اور ہوائی فائرنگ کی گئی۔
پولیس کے مطابق سیاسی جماعتوں کے کارکنان کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف ڈنڈوں اور پتھروں کا استعمال کیا گیا جس سے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
سیاسی جماعتوں کے کارکنوں میں تصادم کے باعث پولنگ کا عمل دو بار متاثر ہوا۔
ڈپٹی کمشنر اور ریٹرننگ افسر صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے پاک فوج کے جوانوں اور رینجرز اہلکاروں کے ہمراہ ہاڑی گہل پہنچ گئے۔


