حکومت ملک میں بہتر حکمت عملی کے تحت تعمیر و ترقی کے عمل میں مصروف ہے، نصیب اللہ مری
کوہلو:رکن صوبائی اسمبلی میر نصیب اللہ مری نے کہا کہ عمران خان کے وژن کے مطابق پی ٹی آئی حکومت ملک میں بہتر حکمت عملی کے تحت تعمیر وترقی کے عمل میں مصروف عمل ہے ملک میں کرپشن وکمیشن کا خاتمہ اور معیشت کی بحالی میں وزیراعظم کی ٹیم نے خصوصی اقدامات اٹھائے ہیں جسے عالمی طور پر پذیرائی ملی ہے عمران خان کا سپاہی ہوں ان کے وژن کے تحت حلقے میں عوامی ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کیا ہے بجلی،پانی،صحت،تعلیم اور سڑکوں کی بحالی جیسے منصوبوں پر کام کی رفتار بڑھا دی ہے منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کی ہیں،حلقے کے عوام ان کی کارکردگی سے مطمئن ہیں جس کی وجہ سے جوق درجوق شمولیت کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ماوند سے سیاسی جماعت کے عہدیداروں اور کارکنوں کی مستعفی ہوکر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیتی تقریب سے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔میر نصیب اللہ مری نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں کی نسبت کوہلو میں اجتماعی طور پر ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے رابطہ سڑکوں کی تعمیر،بجلی وپانی کے منصوبے اور تعلیم وصحت کے حوالے سے اربوں روپے حلقے کے عوام کی فلاح کیلئے مختص کئے گئے۔موجودہ وفاقی وصوبائی بجٹ میں ڈیمز اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے سب سے زیادہ لاگت مختص کی گئی تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر میسر آسکے۔


