نائیجرمیں فوجی قافلے پر گھات لگا کر حملہ، 15 اہلکار ہلاک

نیامے: مغربی افریقی ملک نائیجر میں فوجی قافلے پر مسلح افراد نے گھات لگا کر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 15 اہلکار ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے جب کہ 6 اہلکار لاپتہ ہیں۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوب مغربی نائیجر کے ضلع تورودی میں ایک مشن پر جانے والے فوجی قافلے پر گھات لگائے مسلح افراد نے حملہ کردیا۔ جیسے ہی زخمی اہلکاروں کی مدد کو ایک اور قافلہ پہنچا تو زور دار دھماکا ہوگیا۔دھماکے اور فائرنگ میں ہلاک ہونے والے اہلکاروں کی تعداد 15 ہوگئی ہے جب کہ 7 اہلکار شدید زخمی ہیں۔ 6 اہلکار لاپتہ ہیں جن کے بارے میں خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ انھیں مسلح افراد اغوا کر کے لے گئے۔

حکومت کی جانب سے حملے کی ذمہ داری جہادی گروپوں پر عائد کی گئی ہے۔ فی الحال اس دعوے کی تصدیق نہیں ہو پائی ہے تاہم کسی بھی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔جس علاقے میں فوجی قافلے پر حملہ کیا گیا ہے وہ برکینا فاسو اور مالی کی سرحدوں سے متصل ہے اور اکثر پُرتشدد کارروائیاں سرحد پار سے ہوتی رہتی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں