14اگست شایاں شان طریقے سے منایا جائے گا,میر شفیق الرحمن

کوئٹہ:جھالاوان عوامی پینل کے سربراہ میر شفیق الرحمن مینگل نے کہا ہے کہ اس بار 14اگست کو شایاں شان طریقے سے منایا جائے گا جن قوموں نے آزادی کی قدر کی انہوں نے ترقی کی اور جن قوموں نے آزادی کی قدر نہیں کی ان قوموں نے آج تک ترقی نہیں کی بلوچستان کے عوام آج بھی ان نام نہاد سرداروں کی وجہ سے ترقی نہیں کرسکے کیونکہ نام نہاد سرداروں نے ہمیشہ اپنے قوم کو غلام بنانے میں اپنا کردار ادا کیا ہے‘ان خیالات کا اظہار انہوں نے بات چیت کرتے ہوئے کیا‘ انہوں نے کہاکہ پاکستان طویل جدوجہد اور آزادی کے بعد ہمیں نصیب ہوا ہے اور آج بھی بلوچستان میں ایسے عناصر موجود ہے جو اپنے آقاؤں کو خوش کرنے کے لئے آزادی کی قدر نہیں کرتے اور بلیک میلنگ کا سہارا لیکر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں مگرتاریخ گواہ ہے کہ جن قوموں نے آزادی کے بعد اپنے وطن کی قدرکی ہے انہوں نے دنیا میں بھی ترقی کی ہے اور جن قوموں نے آزادی کی قدر نہیں کی آج بھی ان کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے انہوں نے کہاکہ جھالاوان عوامی پینل اور بلوچستان کے عوام اس سال 14اگست کو شایاں شان طریقے سے منائیں گے کیونکہ قیام پاکستان سے لیکر آج تک اس ملک نے اندرونی و بیرونی سطح پر کئی نشیب و فراز دیکھے انہوں نے کہاکہ جب ہمارے دشمنوں نے1965میں پاک سرزمین پر بزدلانہ وار کیا تو ہمارے مسلح افواج نے ان کے تمام عزائم کو ناکام بنایا مگر دشمن نے پاکستان اور بلوچستان کی ترقی وخوشحالی روکنے کے لئے یہاں کے عوام پر نام نہاد قوتوں کا سہارا لیکر اپنے مقاصد حاصل کرنے کی کوشش کی مگر وقتاً فوقتا اس میں بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا انہوں نے کہاکہ 14اگست ہمارے لئے خوشی کا دن ہے کیونکہ زندہ قومیں ہمیشہ اپنی آزادی کے دن قومی جوش و جذبے کے ساتھ مناتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں