بلوچستان اسمبلی اجلاس، نصراللہ زیرے کے بیٹے کے اغواکاروں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے، ملک سکندر ایڈووکیٹ

بلوچستان اسمبلی کے اجلاس سے پوائنٹ آف آرڈر پر اپوزیشن لیڈر ملک سکندرخان ایڈووکیٹ نے ایوان کی توجہ پشتونخوا میپ کے رکن نصراللہ زیرئے کے بیٹے کے اغواء کی جانب مبذول کراتے ہوئے کہا کہ 13جولائی کو نصراللہ زیرئے کے بیٹے کو نامعلوم افراد نے اغواء کیا اور پانچ گھنٹے کے بعد بچے کو چھوڑا گیا اغواء کے اس واقعے کے حوالے سے تاحال کوئی کارروائی نہیں ہوئی رکن اسمبلی کے بیٹے کے اغواء کے واقعے کے پیش نظر رولنگ دی جائے یہ ایوان واقعہ کی بھرپور مذمت کرتا ہے انہوں نے کہا کہ میں نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی اے سی ایس کو فون کیا۔ آئی جی سے واقعے کی رپورٹ طلب کی جائے اور واقعے میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے انہوں نے کہا کہ زیارت میں لیویز اہلکار نے شہری کو فائرنگ کرکے قتل کیا ہے اس کی تحقیقات کرائی جائیں جس پر صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء لانگو نے کہا کہ زیارت واقعے کی تحقیقات کے لئے کمیٹی بنادی گئی ہے۔ اپوزیشن لیڈر ملک سکندر ایڈووکیٹ نے کہا کہ مئی سے ہم نے پری بجٹ سیشن بلانے کا کہا مگر پری بجٹ سیشن بلا کر بجٹ پر بحث مباحثے کی بجائے اٹھارہ جون کو اسمبلی اراکین پر بکتر بندی گاڑیاں چڑھانے کی کوشش کی گئی چودہ دن تک اپوزیشن اراکین اس بات پر تھانے میں بیٹھے رہے کہ اگر وہ مجرم ہیں تو انہیں گرفتار کیا جائے بلوچستان کے بجٹ کو ہڑپ کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دیں گے۔وزیراعلیٰ نے خود کہا کہ انہیں پی ایس ڈی پی کا پتہ نہیں تھا دو گھنٹے قبل انہیں بجٹ کاپی فراہم کی گئی حکمران جماعت اپنے لوگوں میں غیر قانونی بجٹ تقسیم کرکے پیسے جیبوں میں ڈال رہی ہے انہوں نے استدعا کی کہ انہیں اس سلسلے میں تحریک پیش کرنے کی اجازت دی جائے تاہم سپیکر کا کہنا تھا کہ ابھی اجلاس کی کارروائی باقی ہے فاضل رکن اگر چاہیں تو اگلے اجلاس میں تحریک پیش کرسکتے ہیں

اپنا تبصرہ بھیجیں