صوبائی وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو سے رکن صوبائی اسمبلی سندھ ذوالفقار شاہ کی ملاقات
کراچی:صوبائی وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو سے ہفتہ کو رکن صوبائی اسمبلی سندھ ذوالفقار شاہ نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور،صوبوں کے درمیان ہم آہنگی اور متنازع ایشوز کو احسن طریقے سے حل کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر صوبے کی ترقی کے ویژن پر عمل پیرہیں۔ اور اب کوئی صو بہ ترقی سے محروم نہیں رہے گا۔ عوام کی ضروریات کا خیال رکھنا فرض اولین ہے۔ ہماری حکومت میں عوامی ضروریات اور منتخب نمائندوں کی مشاورت کو مقدم رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کی حکومت سابق دور کی خرابیوں کو دور کر رہی ہے۔ سابق پالیسیوں کے باعث ملک اپنی اصل منزل سے دور ہو گیا۔ ماضی میں قومی وسائل کو نمائشی منصوبوں کی نذر کرکے ملک و قوم سے ظلم کیاگیا۔ عوام کے بنیادی مسائل کو یکسر نظر انداز کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے عوام کے بنیادی مسائل کے حل پر توجہ مرکوز کی ہے۔ بلوچستان عوامی پارٹی عام آدمی کی پارٹی ہے۔ مختصر عرصے میں مختلف شعبوں میں اصلاحات کر کے نئی مثال قائم کی ہے۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ ہم نعروں پرنہیں عمل پر یقین رکھتے ہیں اور اللہ تعالیٰ نے خدمت خلق کا جو موقع عطا کیا ہے، اسے عبادت سمجھ کر نبھارہے ہیں۔


