دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے پاکستان ایک جامع نیشنل ایکشن پلان پر عمل پیرا ہے،شاہ محمود قریشی
ملتان:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے پاکستان ایک جامع نیشنل ایکشن پلان پر عمل پیرا ہے،اسلاموفوبیا کے خلاف موثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے،حق آزادی اظہار رائے کا استعمال ذمہ داری کا متقاضی ہے۔اسے کم و بیش دو ارب مسلمانوں کی دل آزاری کیلئے استعمال کرنے کی ہرگز اجازت نہیں ہونی چاہیے،خطے میں قیام امن کیلئے ایک پرامن اور مستحکم افغانستان ناگزیر ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دہشت گردی ہمارے معاشرے کیلئے سنگین خطرہ بن چکی ہے،ہماری مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں نے ہزاروں کی تعداد میں اپنی جانوں کی قربانی دی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان،دہشت گردی کے عفریت سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جو اکثر اوقات سرحد پار معاونت کے باعث ہوئی،پاکستان ہر طرح کی دہشت گرد ی کی کارروائیوں کی مذمت کرتا ہے،چاہے وہ افراد کی جانب سے ہوں، گروہوں کی جانب سے ہوں یا ریاستوں کی جانب سے ہوں۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ ہمیں کسی ملک کو یہ اجازت ہرگز نہیں دینی چاہیے کہ وہ سیاسی مقاصد کیلئے پوری قوم یا معاشروں پر دہشت گردی کے حوالے سے الزام تراشی کرے۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے پاکستان ایک جامع نیشنل ایکشن پلان پر عمل پیرا ہے۔ہم نے منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کو روکنے کیلئے موثر اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے لوگوں کی خوشحالی، اور سماجی ترقی اور خطے میں امن کیلئے ضروری ہے کہ دیرینہ تنازعات کو پرامن طریقے حل کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ اسلاموفوبیا کے خلاف موثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے،حق آزادی اظہار رائے کا استعمال ذمہ داری کا متقاضی ہے۔اسے کم و بیش دو ارب مسلمانوں کی دل آزاری کیلئے استعمال کرنے کی ہرگز اجازت نہیں ہونی چاہئے


