امریکہ، کرونا سے ایک دن میں ریکارڈ2228ہلاکتیں، کیس چھ لاکھ سے متجاوز

واشنگٹن،امریکہ میں کرونا وائرس کے باعث ایک ہی دن میں ریکارڈ ہلاکتیں ہوئی ہیں، ملک بھر میں گزشتہ 24گھنٹے کے دوران کرونا وائرس سے 2228 افراد ہلاک ہوئے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ریاست نیو یارک کے حکام نے پھیپھڑوں کی بیماری سے ہلاک ہونے والے غیر مصدقہ مشتبہ مریضوں کو بھی کرونا سے ہلاکتوں میں شمار کرنے کا آغاز کر دیا۔ جس کے بعد نیو یارک میں ہلاکتیں 10000 سے زائد ہو گئی ہیں۔ نیویارک کے حکام کا کہنا تھا کہ 11 مارچ سے کرونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کا ڈیٹا مرتب کرنے کے عمل کا آغاز ہوا۔ جس کے بعد 3700 سے زائد ایسے افراد کی نشاندہی ہوئی جن کا متعدی مرض کے باعث انتقال ہوا، لیکن ان افراد کے کرونا ٹیسٹ نہیں کیے گئے تھے۔نیویارک میں کرونا وائرس کے باعث ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 10367 تک پہنچ گئی ہے۔ ملک بھر میں کرونا سے ہلاکتیں 28300 ہو گئی ہیں۔نیویارک کے علاوہ امریکی ریاستوں لوزیانا اور کیلیفورنیا میں بھی کرونا وائرس کے باعث ہلاکتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں