ہندوستان نقل مکانی کرنے والے ہندوخاندان بیروزگاری سے تنگ،واپس آگئے

جیکب آباد(نامہ نگار) پاکستان سے ہندوستان نقل مکانی کرنے والے 2 ہندو خاندان ہندوستان میں بیروزگاری سے تنگ آکر واپس پاکستان پہنچ گئے، مزید 4 خاندان بھی واپس آرہے ہیں، صدر ہندو جنرل پنچائت ٹھل۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کی تحصیل ٹھل سے کچھ عرصہ قبل ہندوستان نقل مکانی کرنے والے ہندو خاندان ہندوستان میں بے روزگاری سے تنگ آخر پاکستان واپس آرہے ہیں، ہندوستان نقل مکانی کرکے جانے والے دلیپ کمار اور سندیپ کمار خاندان کے ہمراہ واپس پاکستان پہنچ گئے ہیں،اس سلسلے میں ہندوجنرل پنچائت کے صدر رمیش لال نے مقامی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کچھ عرصہ قبل پاکستان چھوڑ کر ہندوستان جانے والے دلیپ کمار اور سندیپ کمار اپنے خاندان کے 8 افراد کے ہمراہ واپس پاکستان آچکے ہیں جبکہ مزید 4 خاندان کے 31 افراد بھی واپس آرہے ہیں، انہوں نے بتایا کہ ہندوستان کرونا وائرس سے سخت متاثر ہوا ہے اور نقل مکانی کرکے جانے والے وہاں بیروزگاری سے تنگ آچکے تھے اس لیے وہ واپس آرہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں