ذاکر نائیک نے بہو کی تلاش کیلئے اشتہار دے دیا
ملائیشیا میں جلاوطن بھارت کے معروف اسلامی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک کو اپنے بیٹے کی شادی کے لیے لڑکی کی تلاش ہے، اس کے لیے ذاکر نائیک نے فیس بک پر ایک پوسٹ بھی کی ہے۔ڈاکٹر ذاکر نائیک نے فیس بک پوسٹ میں لکھا ہےکہ میں اپنے بیٹے فارِق کی شادی کے لیے لڑکی تلاش کر رہا ہوں، اس کے لیے اچھے کردار والی مسلم لڑکی ڈھونڈ رہا ہوں تاکہ میرا بیٹا اور اس کی بیوی ایک دوسرے کے لیے رہنمائی اور طاقت کا ذریعہ بن جائیں۔ذاکر نائیک کا کہنا ہےکہ اگر آپ کسی لڑکی کے والد یا رشتے دار ہیں اور اس معاملے میں دلچسپی رکھتے ہیں تو آپ سے عاجزانہ درخواست ہے کہ اس پوسٹ کا مطلوبہ معلومات کے ساتھ جواب بھیجیں۔
لڑکی کے لیے مطلوبہ شرائط
ذاکر نائیک کے مطابق لازمی شرائط کے تحت لڑکی قرآن و حدیث کی روشنی میں اسلامی اصولوں پر کاربند ہو اور فرائض کی پابند ہو،حرام چیزوں سے دور رہنے والی ہو اور جتنا ممکن ہوسکے مستحب (سنت) پر عمل کرے۔ لڑکی نیک ہو ، سیدھے رستے پر چلنے والی ہو ، اچھے اخلاق کے ساتھ نرم دل اور ہمدرد ہو اور دعوت دین کےکاموں میں اپنے شوہر کا ساتھ دے اور اس کا حوصلہ بڑھائے، لڑکی خود بھی دعوت کے کاموں سے شغف رکھنے والی اور اسلامی تعلیمات کو پھیلانے میں دلچسپی رکھنے والی ہونی چاہیے۔ذاکر نائیک کے مطابق لڑکی ایسی ہو جو عیش و عشرت کے بغیر سادہ زندگی گزارنےکی خواہش مند ہو ، انشاءاللہ میرا بیٹا اور اس کی بیوی ایک پرسکون زندگی گزاریں گے تاہم اس کے لیے اسے آسائشوں کو اللہ کی راہ میں قربان کرنا ہوگا۔ 2 مزید شرائط ہیں جن کے مطابق لڑکی انگریزی پر عبور رکھتی ہو اور ملائیشیا میں رہنےکے لیے تیار ہو۔


