جنرل عارف حسن مستعفی ہو جائیں ورنہ برطرف کریں گے، فہمیدہ مرزا

اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن عارف حسن خان اپنے عہدے سے مستعفی ہوجائیں ورنہ حکومت انہیں معطل کر دے گی، ملک میں کھیلوں کے فروغ کے حوالے سے صوبائی حکومتوں کو اپنی ذمہ داری پوری کرنی چاہیے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے بدھ کو ایوان بالا میں سینیٹر محسن عزیز اور سینیٹر مشتاق احمد خان کے توجہ مبذول نوٹس کا جواب دیتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے بعد کھیل صوبائی معاملہ ہے اور یہ صوبوں کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا واضح موقف ہے کہ چیئرمین پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن لیفٹیننٹ جنرل (ر)عارف حسن کو اپنے عہدے سے مستعفی ہو جانا چاہیے،ہمیں متحد ہو کر اس معاملے پر آواز اٹھانی چاہیے، وزیراعظم عمران خان نے فیصلہ کیا ہے کہ ان کو معطل کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی زبوں حالی کی وجوہات کا تعین کرنا ضروری ہے، ماضی کی حکومتوں نے اس معاملے کو نظرانداز کیوں کیا، اٹھارویں ترمیم کے بعد وفاق اور صوبوں کے درمیان تعاون کے حوالے سے پالیسی بنانی چاہیے تھی، وفاق اور صوبوں کے درمیان کھیلوں کے فروغ کے لئے روابط ضروری ہیں، اس حوالے سے صوبائی وزیر کھیل پر مشتمل کمیٹی قائم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سپورٹس کے لئے ایک ارب روپے کے فنڈز مختص ہیں جو مختلف مدوں میں خرچ کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم اور طلحہ طالب واپڈا کے ملازم ہیں، انہوں نے اپنی محنت سے مختلف مقابلوں میں حصہ لیا اور ملک کا نام روشن کیا، وفاقی حکومت نے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کو تمام سہولیات فراہم کی ہیں، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے چیئرمین حکومت کی مشاورت کے بغیر اقدامات کر رہے ہیں جو ملک کی جگ ہنسائی اور بدنامی کا باعث بن رہے ہیں، وہ سمجھتے ہیں کہ کوئی ان کا احتساب نہیں کر سکتا۔ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ نئی سپورٹس پالیسی جلد سامنے لائی جائے گی، اس میں ریگولیٹری میکنزم ہو گا، کوئی بھی پاکستان کا نام اپنی مرضی سے استعمال نہیں کر سکے گا، ملک کی جگ ہنسائی کسی صورت نہیں ہونے دیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں