ایران کی جانب سے پاکستانی، افغان شہریوں کے داخلے پر پابندی

خبر رساں ادارے ایلنا کے مطابق ایران میں کورونا وائرس کے خاتمے کے لیے قائم ایک قومی کمیٹی کے سکریٹری حسین قاسمی نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں افغانستان اور پاکستان کے شہریوں کے داخلے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔انھوں نے اس کی وجہ پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک میں وبا پھیل چکی اور اس سے ایران میں مسائل بڑھ سکتے ہیں۔
تاہم حسین قاسمی نے یہ واضح نہیں کیا کہ ایران کو ان ممالک سے کس نوعیت کے مسائل درپیش ہوسکتے ہیں یا ان ممالک میں وبا کتنی حد تک پھیل چکی ہے۔حسین قاسمی نے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے ساتھ سرحدوں پر مارچ سے نگرانی جاری ہے اور موجودہ حالات میں انھیں بند رکھا گیا ہے۔ایران کی جانب سے یہ فیصلہ ایسے وقت میں آیا ہے جب ایران کے مقدس مقامات کا دورہ کرنے والے پاکستانی اور افغان زائرین میں وطن واپسی پر کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔2 مارچ کو افغان محکمہ صحت نے کہا تھا کہ زائرین سے وائرس پھیلنے سے متعلق تشویش ظاہر کی تھی۔جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق ایران میں اس وقت کورونا وائرس کے 79,494 متاثرین موجود ہیں جبکہ 4,958 اموات ہوچکی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں