علم باوقار، تہذیب یافتہ اور قابل احترام قوم کو جنم دیتا ہے، ضیا ء لانگو

کوئٹہ:صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے گورنمنٹ بوائز پوسٹ گریجویٹ کالج کوئٹہ سریاب روڈ کا دورہ کیا کالج پہنچنے پر پرنسپل محمد حسین بلوچ،ودیگر پروفیسر و اساتذہ کرام نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر پرنسپل محمد حسین بلوچ نے کہاکہ بوائز کالج میں 2400 طالبات زیر تعلیم ہیں،جن کا تعلق پسنی جیونی،پشکان,چمن لوارلائی،قلات، اور بلوچستان کے دیگر علاقوں سے ہے اور کالج میں 300سو طالبعلم کالج کے ہاسٹل میں رہائش پذیر ہیں صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے اس موقع پر کہاکہ سرکاری سکولوں کے بچے قابلیت میں کسی سے کم نہیں، سرکاری سکولو ں کے معیار کو مزید بہتر بنا رہے ہیں۔ عصرِ حاضر میں ملکی اورقومی ترقی کا انحصار تعلیمی اداروں کے قیام،قومی اور عالمی ضروریات سے ہم آہنگ نصاب کے انتخاب اور علم و ابلاغ جیسے لوازمات سے لیس اساتذہ پر ہے۔ کالج کی سطح پر ایک اعلیٰ  تعلیمی اور تدریسی نظام ہماری بنیادی ضروریات میں سے ایک ہے کیونکہ اعلیٰ تعلیم سے ہی ہم دنیا میں نہ صرف اپنے قومی تشخص کو اجاگر کر سکتے ہیں بلکہ عالمی سطح پر میدانِ علم میں اپنا حصہ ڈال کر باوقار، تہذیب یافتہ اور قابل احترام اقوام کی صف میں شامل ہو سکتے ہیں اور صوبائی حکومت اسی جذبے اور مقصد کے ساتھ کام کر رہی ہے اور مستقبل میں بھی وہ تمام تدابیر اختیار کرے گی جن سے یہ اندرونِ ملک اور بیرونِ ملک ایک شاندار علمی مرکز کے طور پر مقام حاصل کرسکیں میں اس عظیم درس گاہ کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے کا ارادہ رکھتا ہوں اور اس سلسلے میں عملی طور پر بھی کوشاں ہوں۔ کالج کے تمام شعبہ جات کو اعلیٰ تدریسی و دیگر سہولتیں فراہم کرنے میں کردار اداکرنا آج سے میری اولین ترجیح ہے۔ وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے موقع پر ہی 1 ملین روپے کی گرانٹ کا اعلان کرتے ہوئے  اساتذہ کرام سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ میری لئے اعزاز کی بات ہے کہ میں اساتذہ کرام کے درمیان کھڑا ہوں آج میں جو بھی ہوں اپنے والدین اور اساتذہ کرام کی محنت کی بدولت ہوں بعد ازاں وزیر داخلہ نے کالج انتظامیہ کے ساتھ ایک نشست میں کہا کہ پوسٹ گریجویٹ کالج کے تمام مسائل کو ہنگامی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں