بی اے پی کے 4 لوگ وزیراعلیٰ بننا چاہتے ہیں: جام کمال کا انکشاف
لاہور: (انتخاب نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا ہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے 4 لوگ وزیراعلیٰ بننا چاہتے ہیں اور کچھ لوگ اچھی وزارتوں کے خواہشمند ہیں، ناراضگی کا زیادہ سلسلہ انفرادی طور پر ہے۔نیجی ٹی وی پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ 26اراکین میرے ساتھ کھڑے ہیں اگرکام نہ کرتا تویہ بھی انہی لوگوں کے ساتھ کھڑے ہوتے، عدم اعتماد کے حوالے سے بہت سارے دوستوں سے رابطے ہیں، ہماری کوشش ہے معاملے کو بیٹھ کراچھے اندازمیں حل کرلیں۔ ناراض دوست امید یہ ہمارے ساتھ کل بھی بیٹھیں گے۔انہوں نے کہا کہ ناراض ہونے والے ہمارے بھائی ان کومنانے کی کوشش کریں گے، اپوزیشن اس صورتحال سے فائدہ اٹھانا چاہتی ہے۔ سب سے زیادہ فائدہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کو ہو رہا ہے۔جام کمال کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کہا بلوچستان میں بڑے عرصے بعد گورننس بہترہوئی لگتا ہے لوگ آپ کے پیچھے پڑگئے ہیں۔ ہرحلقے میں لسبیلہ سے زیادہ کام ہورہا ہے، عبدالقدوس بزنجو کے حلقے میں 20 ارب کے کام ہو رہے ہیں، کوئی ڈسٹرکٹ یہ نہیں کہہ سکتا کہ اسے نظر انداز کیا گیا، حقائق کو منفی اندازمیں پیش کیا جارہا ہے۔ ساڑھے تین سال میں ہرحلقے میں لوگوں کی فلاح وبہبود کے لیے کام ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نقیب اللہ کابینہ سے نکلنے پرناراض ہے، بی اے پی پارٹی کے چار لوگ وزیراعلیٰ بننا چاہتے ہیں، کچھ لوگ اچھی منسٹریاں چاہتے ہیں، ناراضگی کا زیادہ سلسلہ انفرادی طور پر ہے، لوگوں کو غلط گائیڈ کیا جارہا ہے۔وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ عبدالرحمان کھیتران کو کبھی انتظارنہیں کرایا، اگرعبدالرحمان کھیتران یہ ثابت کر دیں تو ویسے ہی استعفی دے دونگا، کھیتران تو ہمیشہ ہمارے ساتھ ہوتے تھے، ان کوبہت عزت دی، ان کی باتیں سن کربڑا حیران ہوا کہ انہیں 8گھنٹے انتظارکرایا جاتا تھا۔


