این 25شاہراہ کو ڈبل وے بنانے کیلئے کل پراجیکٹ کے ٹینڈر مرحلے کا باقاعدہ آغاز ہو گا

خضدار:این 25شاہراہ کو ڈبل وے بنانے کا وقت قریب آپہنچا،آج 27اکتوبرکواس عظیم پراجیکٹ کے ٹینڈر مرحلے کا باقاعدہ آغاز ہورہاہے، ملکی اور بین الاقوامی کنٹریکٹ فرمز بولی دینے کے لئے کاغذات جمع کریں گے۔قوم کی جانب سے منصوبے کے آغاز کا شدت سے انتظار ہے تفصیلات کے مطابق این 25شاہراہ جو کہ ملک کے دو بڑے شہروں کراچی کوئٹہ سمیت پڑوسی ملک افغانستان کو ملاتی ہے، جب کہ نعم البدل نام آر سی ڈی روڈ کھلاتی ہے یعنی علاقائی تعاون برائے ترقی (ریجنل کواپریشن فار ڈویلپمنٹ) کے درمیان معاہدے کے تحت یہ روڈ بنائی گئی تھی اور اسی نام سے اس کو منسوب کیا گیا تھا۔ یہ شاہراہ طویل بھی ہے اور سنگل بھی جس کی وجہ سے شاہراہ پر حادثات اور انسانی جانوں کے نقصان کے بعد بلوچستان کے عوام نے کافی آواز بلند کی تھی اس سلسلے میں بلوچستان کے شہریوں کی جانب سے روڈ کو ڈبل وے بنانے کے لئے پیدل مارچ سمیت دیگر احتجاجی ذرائع اختیار کیئے گئے تھے۔ بعد ازاں حکومتی عہدیدار و سیاسی جماعتوں کی کوششوں کے باعث وفاقی حکومت نے این 25شاہراہ کو ڈبل وے بنانے کے لئے بجٹ 2021-2022میں 80ارب روپے سے زائدکی خطیر رقم مختص کی تھی۔قومی شاہراہ کو ڈبل وے بنانے کے لئے ضروری اقدامات کا آغاز ہوچکا ہے اس منصوبے کاٹینڈر ماہِ ستمبر میں قومی اخبارات میں مشتہر کیا گیا تھا، کنٹریکٹ فرمز کے لئے کاغذات جمع کرنے کے لئے27اکتوبر 2021تک کی تاریخ دیدی گئی تھی۔این ایچ اے کے آفیشل سے ذرائع ابلاغ سے بات ہوئی تو ان کا کہنا تھاکہ 27اکتوبر کو ٹینڈر کے حصول کے لئے کنٹریکٹرز کی جانب سے کاغذات جمع کرنے کا آغاز ہوگا اور یہ عمل مرحلہ وار ڈھائی سے تین مہینے تک مکمل ہوگا جس کے بعد سر بمہر ٹینڈر اوپن ہونگے اورروڈ کی تعمیر کے لئے کوالیفائی کرنے والے کنٹریکٹ فرمز کو ذمہ داری سپرد کیا جائیگا۔ اس بڑے پراجیکٹ پر کام اگلے سال کے ابتدائی مہینوں میں شروع ہونے کی توقع کی جارہی ہے۔ عوام کوروڈ تعمیر کے اس بڑے منصوبے پرکام کے آغاز کا شد ت سے انتظار ہے اور اب عوام کی دیرینہ تمناّ وخواہش پور ہونے کی تو قع کی جارہی ہے کہ یہ منصوبہ شروع بھی ہوگا اور رفتار کے ساتھ معیاری انداز میں روڈ بنے گی۔ابتدائی طور پر روڈ کی تعمیر دو مقامات خضدار (چمروک)ٹو جیوا اور کچلا ک سے شروع ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں