آئی ٹی پارک کی تعمیر کے بعد 5ہزار نوجوانوں کو روزگار ملے گا، امین الحق

کراچی:وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے کراچی میں آئی ٹی پارک کے قیام اور 5 ہزار نوکریوں کا اعلان کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی پریس کلب میں ڈیجیٹل اسٹوڈیو کی افتتاحی تقریب کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی میں آئی ٹی پارک کی تعمیر کے بعد 5 ہزار نوجوانوں کو روزگار ملے گا، صوبہ سندھ کے شہروں حیدر آباد اور جامشورو میں بھی آئی ٹی کے حوالے سے کام کررہے ہیں، ہماری وزارت نے ایک خصوصی ایپ تیار کی ہے، جس میں مختلف چیزوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا گیا، تمام وزارتیں پیپر لیس ہوگئی ہیں جس کے بعد تمام وزاتوں میں لیب ٹاپ پر کام کیا جاتا ہے، کابینہ اجلاس بھی کاغذ کے بغیر کیا جارہا ہے، اسی طرح پارلیمنٹ اجلاس بھی پیپر لیس کرنے کا منصوبہ تیار کررہے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ نائن ون ون ہیلپ لائن پر کام کررہے ہیں، اس ہیلپ لائن کے نمبر ہر تمام ادارے آن بورڈ ہوں گے، آئی ٹی کی مصنوعات میں 47 فیصد ایکسپورٹ بڑھی ہے، ہم اقدامات کر کے مزید ایکسپورٹ بڑھائیں گے، گرین لائن کا منصوبہ اسی ماہ شروع ہوجائے گا، کے فور منصوبہ کے لیے بھی کوشش ہے کہ اسے وقت پر مکمل کرلیں، جب کہ نئی مردم شماری ڈیجیٹل مردم کے اصول کے مطابق ہوگی، اسی سال مردم شماری کے حوالے سے کام کردیا گیا ہے، نیا الیکشن بھی نئی مردم شماری کے تحت ہوگا۔خیال رہے کہ رواں برس دنیا بھر کے انفارمیشن ٹیکنالوجی منصوبوں میں پاکستانی آئی ٹی پراجیکٹ کو چیمپئن قرار دیا گیا، وفاقی وزیر برائے انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی امین الحق نے کہا ہے کہ دنیا بھر کے انفارمیشن ٹیکنالوجی منصوبوں میں پاکستانی آئی ٹی پراجیکٹ چیمپئن شمار کیا گیا ہے، جہاں انٹرنیشنل ٹیلی کمیونی کیشن یونین کے تحت نیشنل انکوبیشن سینٹر منصوبہ ٹاپ فائیومیں شامل کیا گیا ہے، آئی ٹی یوکی جانب سے 360 منصوبوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا، جس کے بعد 13لاکھ آئی ٹی ماہرین کی ووٹنگ کے بعد 5 منصوبوں کو چیمپئن قرار دیا گیا، ان 5 منصوبوں میں سے ایک منصوبہ پاکستان کے نیشنل انکوبیشن سینٹرز کا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں