کراچی،وکٹوریہ سینٹر میں آگ لگ گئی
کراچی:کراچی کے علاقےعبدااللہ ہارون روڈ پر زینب مارکیٹ کےمدمقابل وکٹوریہ سینٹر میں آگ لگ گئی۔بدھ 17 نومبر کی صبح وکٹوریہ سینٹر کی تیسری منزل پر آگ لگ گئی جن نے کئی دکانوں کو شدید متاثر کیا۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ آگ کے باعث سیاہ دھواں بلند ہورہا ہے اور دکان دار سڑک پر موجود ہیں۔ آگ لگنے کے بعد وکٹوریہ سینٹر کے باہر سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا۔چیف فائرآفیسر مبین احمد نے بتایا ہے کہ آگ بجھانے کے لیے اسنارکل اور فائربریگیڈ کی 10 گاڑیاں مارکیٹ کےباہرموجود ہیں۔ آگ لگنے کے بعد عمارت میں افراتفری پھیل گئی اور لوگ ہنگامی راستوں کی جانب بھاگنے لگے۔ ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے۔ایم ڈی واٹربورڈ انجینئر اسداللہ خان نے بتایا ہے کہ واٹربورڈ نے نيپا، سخی حسن، صفورا ہائیڈرنٹ پر ایمرجنسی نافذ کرتےہوئے پانی سے بھرے متعدد ٹینکر آگ لگنے کے مقام کی جانب روانہ کردیئے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صدر کی وکٹوریہ مارکیٹ میں آتشزدگی کا نوٹس لےلیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ اعظمی اور کمشنر کراچی کو ہدایات کی ہیں کہ آگ پر فوری قابو پایا جائے اور تفصیلی انکوائری رپورٹ میں بتایا جائے کہ کوآپریٹو مارکیٹ اور وکٹوریہ مارکیٹ میں آگ لگنے کی وجوہات کیا ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے مزید ہدایات کی ہیں کہ وکٹوریہ مارکیٹ میں آگ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہونا چاہئے۔واضح رہے کہ وکٹوریہ سینٹر عبداللہ ہارون روڈ پر 3 منزلہ عمارت ہے جہاں کپڑوں کے درجنوں چھوٹی بڑی دکانیں اور گودام موجود ہیں۔


