ضیاء لانگور نے محکمہ داخلہ کا قلمدان ملنے کے بعد سرکاری امور کی انجام دہی کا باقاعدہ آغاز کر دیا

کوئٹہ :صوبائی مشیر میر ضیاء اللہ لانگو نے آج محکمہ داخلہ کا قلمدان ملنے پر آفس میں سرکاری امور کی انجام دہی کا باقاعدہ آغاز کر دیا اس موقع پر ایک معذور شخص نے صوبائی مشیر کو منصب سنبھالنے پر پھولوں کا گلدستہ بھی پیش کیا  اس موقع پر سیکرٹری داخلہ ارشد مجید، ڈی جی لیویز قادر بخش پرکانی نے بھی ملاقات کی۔ملاقات میں سیکرٹری داخلہ نے صوبائی مشیر داخلہ کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور موجودہ امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے بریفنگ بھی دی جس پر صوبائی مشیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے سیکرٹری داخلہ کو امن و امان کے حوالے سے ضروری ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ صوبہ بھر میں عوام کی جان ومال کی حفاظت یقینی بنانے کے لئے تمام تر اقدامات کئے جائیں -امن عامہ کی فضا بہتر بنانے کیلئے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے چوکس رہیں۔ریجنل و ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ان امن عامہ کی فضا برقرار رکھنے کیلئے جانفشانی سے فرائض سرانجام دیں۔انہوں نے کہا کہ ڈویژنل و ڈسٹرکٹ لاء اینڈ آرڈر کمیٹیوں کے باقاعدہ اجلاس منعقد کرکے امن عامہ کی صورتحال کومذید بہتر بنایا جائے۔مشیر داخلہ نے ہدایت کی کہ متعلقہ افسران امن عامہ کی صورتحال کے حوالے سے کئے جانیوالے اقدامات کی خود مانیٹرنگ جاری رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ امن عامہ کی فضا برقرار رکھنا ریاست کی اولین ذمہ داری ہے-عوام کے جان ومال کے تحفظ سے بڑھ کر کوئی ترجیح نہیں ہوسکتی۔قیام امن کے لئے پولیس اور دیگر متعلقہ ادارو ں کا کردار قابل تحسین ہے-فرض کی راہ میں جان دینے والے افسران و اہلکارحقیقی ہیرو ہیں –

اپنا تبصرہ بھیجیں