22نومبر کو پی ڈی ایم کی اسٹیرنگ کمیٹی فیصلہ کن جدوجہد کا فیصلہ کرے گی،حافظ حمداللہ

کوئٹہ: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے مرکزی ترجمان و جمعیت علماء اسلام کے رہنماء سابق سینیٹر مولانا حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ 22نومبر کو پی ڈی ایم کی اسٹیرنگ کمیٹی فیصلہ کن جدوجہد کا فیصلہ کرے گی، ملک پر مسلط نااہل اور سلیکٹڈ عمران حکومت کو استعمال کیا جارہاہے، مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے، انڈوں سے شروع ہونے والی حکومت کو علم نہیں کہ اب مسئلہ انڈے میں ہے یا مرغی میں، ملک میں فیکٹریاں لگانے کی بجائے لوگوں کو مرغی اور انڈوں پر لگادیا گیا ہے، فواد چوہدری اور اعظم سواتی نے الیکشن کمیشن کو گالی دی، انتخابی اصلاحات کے لئے حالیہ قانون سازی ڈنڈے کے زور پر ہوئی۔ ان خیالات انہوں نے گزشتہ روز لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ مولانا حافظ حمداللہ نے کہا کہ ملک پر مسلط عمران خان کو استعمال کیا جارہاہے،22نومبر کو پی ڈی ایم کی سٹیرنگ کمیٹی فیصلہ کن جدوجہد کا فیصلہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے ایک انڈے کی قیمت 6اور 8روپے سے 20 روپے تک چلی گئی۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت انڈوں سے شروع ہوئی اب انہیں علم نہیں مسئلہ انڈے میں ہے یا مرغی میں،لوگوں کو مرغی اور انڈوں پر لگادیا گیا ہے، آپ نے فیکٹریاں لگانا تھیں اب لگ ایسا رہا ہے کہ چرس اور افیون کی فیکٹریاں لگائی گئی ہیں، انہوں نے کہاکہ ملک میں مسخروں کی حکومت ہے جس کا سربراہ مسخرا ہے۔ حالیہ انتخابی اصلاحات سے متعلق مولانا حافظ حمداللہ نے کہا کہ اس طرح کی قانون سازی سے ملک وقوم اور قومی اداروں کی ساکھ دنیا میں متاثر ہوئی ہے، ایم کیوایم،جی ڈی اے اور ق لیگ کی قیادت کو مبینہ طور پر فون کئے گئے اسی لئے ہم کہتے ہیں غیر سیاسی عناصر مداخلت نہ کریں۔ ہم پوچھنا چاہتے ہیں کہ 11نومبر کو پارلیمنٹ کا اجلاس کیوں ملتوی کیا گیا؟ یہ کیسے ممکن ہے کہ قانون سازی غیر شفاف ہو اور الیکشن شفاف ہوں پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے ادوار میں مشترکہ اجلاسوں میں متفقہ قانون سازی ہوئی،پیپلز پارٹی کے دور میں اٹھارویں ترمیم منظور ہوئی اور صوبوں کو خود مختاری دی گئی،ن لیگ کے دور میں الیکشن اصلاحات ہر متفقہ ترامیم کیں جبکہ ہآج فواد چوہدری اور اعظم سواتی الیکشن کمیشن کو گالیاں دیتے ہیں،حالیہ قانون سازی ڈنڈے کے زور پر ہوئی۔ انہوں نے کہاکہ پی ڈی ای اقوام کا آواز بن چکی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں