گوادر دھرنے کیلئے بسیں دینے سے انکار نہیں کیا، کوچ مالکان

تربت (نمائندہ انتخاب)سندھ بلوچستان بس کوچز آنرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد اقبال شاہ زئی نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اس نیوز کو غلط، بے بنیاد اورمن گھڑت قرار دیا جس میں کہاگیا ہے کہ میں نے مولانا ہدایت الرحمن کے دھرنا وریلی میں شرکت کیلئے ٹرانسپورٹروں کوبسیں دینے سے منع کیا ہے، یہ بات سراسر غلط اوربے بنیاد اورجھوٹ کا پلندہ ہے، میں نے کسی ٹرانسپورٹر کو منع نہیں کیا ہے، میرے نام سے غلط اوربے بنیاد اورمنفی پروپیگنڈہ کرنے والے اس بات کو ثابت کریں تو میں جواب دہ ہوں، میں مولانا ہدایت الرحمن بلوچ کے دھرنا میں شرکت کرنے کا خود خواہاں ہوں، چونکہ اس وقت میری طبیعت صحیح نہیں ہے اورکراچی میں ہوں مگر میرا ارادہ ہے کہ جمعہ کے بعد انشاء اللہ ایک دن اپنے ٹرانسپورٹرساتھیوں کے ساتھ دھرنا میں شرکت کروں کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ مولانا ہدایت الرحمن بلوچ کا دھرنا اور احتجاج عوامی حقوق اور عوامی مسائل کے حل کیلئے ہے،میں بحیثیت صدر تمام ٹرانسپورٹرز سے کہتاہوں کہ وہ مولانا ہدایت الرحمن کے دھرنا وپروگرام میں خصوصی طورپر شرکت کریں اور بلامعاوضہ اپنی بسیں فراہم کریں،اقبال شاہ زئی کاکہنا ہے کہ پہلے بھی ایسی سازشوں، جھوٹ اوربدگمانی نے بلوچ عوام کو دست وگریباں کیاہے ایسے لوگوں سے ہوشیار رہیں، مجھے وہ دن بھی یادہے کہ جب گوادرمیں جاوید کوچ پر ایک وفاقی فورس نے چھاپہ ماراتھا تو گوادر کی پوری آبادی آگے آئی اورجاوید کوچ کو سنبھالا،انہوں نے کہاکہ اس وقت کمپنی کی تمام بسیں کراچی میں ہیں، سول سوسائٹی والے تربت ٹرمینل کا دورہ کریں اگرمیری ایک بس بھی کھڑی ہے تومیں قصوروار ہوں جبکہ ہر ٹرانسپورٹر اپنے بسوں کا خود ذمہ دارہے، میں نے کسی کومنع نہیں کیاہے اورنہ ہی میں ایسی سوچ کامالک ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں