صوبے میں کھیلوں کے انعقاد سے تعلیم میں بہتری آئیگی، عبدالخالق ہزارہ
کوئٹہ:ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین صوبائی وزیر کھیل و ثقافت عبدالخالق ہزارہ نے گورنمنٹ ہزارہ سوسائٹی بوائز ہائی سکول کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات میں شرکت کی۔ تقریب میں پرنسپل سید ابرار حسین، ہیڈ ماسٹر عبدالعلی ہزارہ، اساتذہ، طلبا اور والدین شریک تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تعلیم کا فروغ ہماری اولین ترجیح ہے۔ معیاری اور جدید تعلیم کے حصول سے ہی ہم ترقی یافتہ معاشرے کے ہم پلہ ہو سکتے ہیں۔ زندگی کے ہر شعبے میں جدت آئی ہوئی ہے اسی طرح تعلیم میں بھی پرانے طور طریقوں کو معیاری اور جدید طریقوں سے بدل دیا جائے تب ہی نئی علوم سے آشنا ہو سکیں گے۔ آج کے جدید دور میں ہمارے طلبا کو انفارمیشن ٹیکنالوجی اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے شعبے میں زیادہ سے زیادہ تعلیم اور دلچسپی لینا ہوگا۔ اساتذہ کرام بھی بچوں کی تعلیم کیساتھ ساتھ انکی کردار سازی میں بھی اپنا کرداد ادا کریں تا کہ بچے معاشرے کا ذمہ دار فرد بن سکے۔ تقریب کے اختتام پر انہوں نے سکول کے پوزیشن ہولڈرز اور اساتذہ میں نقد انعامات اور ٹرافی تقسیم کیے۔


