خیبر پختونخوا کے عوام نے بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کو مسترد کرکے اپنا فیصلہ سنا دیا، حافظ حمد اللہ

کوئٹہ: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے مرکزی ترجمان و جمعیت علماء اسلام کے رہنماء مولانا حافظ حمداللہ نے کہاہے کہ خیبر پشتونخوا کے عوام نے بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کو مسترد کرکے اپنا فیصلہ سنادیا ہے، بلدیاتی الیکشن کے اگلے مرحلے میں بھی پی ٹی آئی کو شرمناک اور عبرتناک شکست دیں گے، خیبر پشتونخوا کی عوام نے ووٹ کی طاقت سے حکومت اور نوٹ کی طاقت کو شکست دی، الیکشن کمیشن بغیر کسی تاخیر کے پشاور میئر کی کامیابی سمیت تمام کامیاب امیدواران کا اعلان کرے۔ اپنے جاری کردہ بیان میں میں مولانا حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ خیبر پشتونخواکے عوام نے بلدیاتی الیکشن میں پی ٹی آئی کو مسترد کرکے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے، جے یو آئی بلدیاتی الیکشن کی اگلے مرحلے میں بھی پی ٹی آئی کو شرمناک اور عبرتناک شکست دیں گی، صوبائی اور وفاقی حکومت نے ووٹ چوری کرنے کے لئے سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کیا مگر خیبر پختونخواہ کے عوام نے ووٹ کی طاقت سے حکومت اور نوٹ کی طاقت کو شکست دی ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبائی اور وفاقی حکومت،پشاور، مئیر اور دیگر انتخابی نتائج کو روکنے کی سازش کررہی ہے الیکشن کمیشن بغیر کسی تاخیر کے پشاور، مئیر کی کامیابی سمیت تمامکامیاب امیدواروں کا اعلان کرے، جمعیت علما اسلام اور مولانا فضل الرحمن کی سیاست ختم کرنے والوں کی بیساکھیوں پر کھڑی سیاست ختم ہونے والی ہے اب پی ٹی آئی کی جھوٹی سیاست، کرپٹ اور نااہل سرکار کا خاتمہ پورے ملک میں پی ڈی ایم کے ہاتھوں ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں