سینیٹ وفاقی تعلیمی ادارے میونسپل کے حوالے کرنے کیخلاف اپوزیشن متحد، باپ بھی شامل
اسلام آباد:سینیٹ میں وفاقی تعلیمی ادارے میونسپل کارپوریشن کے سپردکرنے کے خلاف حکومتی اتحادی مسلم لیگ ق اوربلوچستان عوامی پارٹی (باپ) بھی اپوزیشن کے ساتھ مل گئیں،تعلیمی ادارے میونسپل کارپوریشن کے حوالے کرنے کی مخالفت کردی۔سینیٹرز نے کہاکہ تعلیمی ادارے میونسپل کے حوالے کرناتعلیم نظام پر ڈرون حملہ ہے،میونسپل سے اسلام آباد کاچڑیا گھر نہیں چل سکا وہ 425تعلیمی ادارے کس طرح چلائیں گے، میونسپل کارپوریشن جب نہیں چلاسکے گی توسکولوں کو سرمایہ کاروں کے حوالے کردیاجائے گا، ہسپتالوں کو پہلے ہی سرمایہ داروں کے حوالے کردیا گیا ہے،صوبوں کاکوٹہ ختم ہوجائے گا۔ وزیرمملکت برائے پارلیمانی امور علی محمدخان نے کہاہے کہ ہمارے سرکاری اسکول اور اساتزہ ہمارا فخر ہیں،کے پی کے میں جب ہماری حکومت آئی تو تعلیم کو فوکس کیا،وزیر اعظم کا ویژن میانوالی میں نمل جیسے ادارے ہوتا ہے یہ معاملہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی بھی دیکھ رہی ہے۔چیئر مین سینیٹ نے وفاقی دارالحکومت کے تعلیمی اداروں کا معاملہ متعلقہ کمیٹی کو بھجوا دیا۔پیرکوسینیٹ کا اجلاس چیئرمین سینیٹ کی سربراہی میں پارلیمنٹ ہاوس میں ہوا۔سینیٹر کامران مرتضیٰ نے تحریک پیش کی کہ ایوان اسلام آباددارالخلافہ میں واقع تعلیمی اداروں کی میونسپل کارپوریشن اسلام آباد کے زیراہتمام رکھنے کے مسئلے کوزیربحث لائے۔


