سبی،ٹریفک کا نظام درہم برہم، انتظامیہ خاموش تماشائی
سبی:ٹریفک کا نظام درہم برہم، انتظامیہ خاموش تماشائی، پیدل چلنے والے خواتین، بچوں سمیت راہگیروں کو شدید مشکلات کا سامنا، سڑک کے دونوں اطراف ریڑھیوں تھڑے والوں کا قبضہ، تفصیلات کے مطابق سبی شہر میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ روزانہ ٹریفک بند ہونے کی وجہ سے پیدل چلنے والے خواتین، بچوں اور راہگیروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شہر بھر کی شاہراوں پر بے ہنگم ٹریفک نے معمولات زندگی شدید متاثر کر دیا ہے۔ ٹریفک کا نظام درست نہ ہونے کی بنا پر شہری اپنی گاڑیاں اور موٹر سائیکل بیچ سڑک پر کھڑی کر دیتے ہیں۔ بالا آفیسران ٹریفک کا نظام درست کرنے کی ذمہ داری پوری کرنے سے قاصر دکھائی دیتے ہیں۔ دوسری جانب ریڑھی والوں نے سڑک کے دونوں اطراف ریڑھیاں لگا رکھی ہیں رہی سہی کسر مین بازاروں میں تھڑے والوں نے پوری کر دی ہے۔ اس پر مزید یہ کہ ٹریفک پولیس اور انتظامیہ نے شہریوں کو درپیش ٹریفک کی مشکلات پر اپنی انکھیں بند کر رکھی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے بے ہنگم ٹریفک اور بے ترتیب ریڑھیوں سے نجات دلا کر راہ چلتے شہریوں کی مشکلات دورکرے تاکہ خواتین، بچے اور دیگر شہری آسانی کے ساتھ خریداری کر سکیں۔


