2022 بلوچستان کی ترقی و خوشحالی میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا، ثمینہ ممتا ز زہری

کوئٹہ: پاکستا ن ہمارا وطن اور بلوچستان ہمارا صوبہ ہے، ہم سب کو آپس کے اختلافات بھلا کر پاکستان بالخصوص بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے کام کرنا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار کنونیئر ذیلی کمیٹی برائے قائمہ کمیٹی سینٹ وزارت داخلہ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے نئے عیسوی سال کے آغاز کے موقع پر اپنے تہنیتی بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ قدوس بزنجو کی قیادت میں بلوچستان عوامی پارٹی اور اتحادیو ں کی حکومت بلوچستان کی تعمیر و ترقی کے لئے دن رات کوشاں ہے اور بلوچستان بھر میں یکساں ترقی و خوشحالی حکومت کا وژن ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے بزنجو حکومت بھرپور محنت کر رہی ہے اور عوامی مسائل حل کرنے کے لئے یہ مشن جاری رہے گا۔ بلوچستان میں پسماندہ علاقو ں کو ترقی میں پورا حصہ دینے کی بھرپور کوشش کی جارہی ہے اور سی پیک سمیت بہت سے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے جبکہ عوام کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑی گئی ہے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ وزیراعلیٰ قدوس بزنجونے جو انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں وہ قابل ستائش ہیں۔انہوں نے پاک افواج اور دیگر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے سیکیورٹی اداروں کے جوانوں نے اپنی جانوں کے نذرانے دے کر بلوچستان سمیت ملک بھر میں امن و امان قائم کیا ہے جسے دہشت گرد مفاد پرست عناصر کی مدد سے سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں لیکن ہماری بہادر سیکیورٹی فورسز نے ہمیشہ دشمنوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا ہے اورانشاء اللہ تعالیٰ آئندہ بھی ان کے مذموم مقاصد کو کسی صورت پورا نہیں ہونے دیں گی۔انہوں نے نئے سال کے آغاز پر امید ظاہر کی ہے کہ نیا سال پاکستان بالخصوص بلوچستان کے لئے اہم سنگ میل ثابت ہوگا اور بلوچستان سمیت ملک بھر میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوگی۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ سی پیک منصوبہ کی تکمیل سے صوبہ کی تقدیر بدل جائے گی۔ بلوچستان میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے پرکشش مواقع موجود ہیں جن سے فائدہ اٹھا کر سرمایہ کار بھرپور استفادہ حاصل کر سکتے ہیں۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ 2022 ء کو پاکستان کے لئے پرامن اور ترقی و خوشحالی کا سال بنائے اور ہم سب کو دشمنوں کی چالوں اور ناگہانی آفات سے محفوظ رکھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں