دادو،طالبہ کی مبینہ خودکشی،تھانہ سیتا روڈ کےایس ایچ اومعطل

دادو:دادو میں میڈیکل کی طالبہ کی مبینہ خودکشی کے معاملے پر ڈی آئی جی حیدرآباد پیر سید محمد شاہ نے تھانہ سیتا روڈ کے ایس ایچ او کومعطل کردیا ہے۔پولیس ترجمان نےبتایا ہے کہ ایس ایچ او نے کیس میں غفلت،سست روی اور لاپرواہی کا مظاہرہ کیا۔

ایس ایچ او سیتاروڈ گل بیگ کے خلاف متوفیہ کے ورثاء نے شکایت کی تھی۔لواحقین نے موقف اختیار کیا کہ اگر برقت شکایت کا ازالہ کیا جاتا اور کیس میں ملوث مرکزی ملزم شمن سولنگی گرفتار کرلیا جاتا تو یہ واقعہ پیش نہ آتا۔ اس کیس میں پولیس نے متوفیہ کا لیپ ٹاپ اور موبائل فون فرانزک کرانے کیلئے لیبارٹری بھیج دیا۔

دوسری جانب نکاح نامے پر دستخط کرنے والے نکاح خواں سے پولیس نے ابتدائی تفتیش مکمل کرلی، نکاح خواہ مولوی محمد ادریس کا کہنا تھا کہ مسجد میں تھا جب شمن سولنگی ساتھی سمیت آیا اور نکاح کے کاغذات پر دستخط کرائے اور چلا گیا۔نکاح خواہ نے مزید بتایا کہ اس وقت لڑکی نہیں تھی، نہ نکاح پڑھایا اور نہ کچھ خبر ہے۔

علاوہ ازیں واقعے سے متعلق لڑکی کے اہل خانہ کا کہنا تھا کہ عصمت اور شمن سولنگی کی بیٹی بچپن میں ساتھ پڑھتے تھے، شمن سولنگی نے عصمت کا نمبر اپنی بیٹی سے حاصل کیا تھا۔کیس کا مرکزی ملزم شمن سولنگی تاحال مفرور ہے، جس کی تلاش کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔واقعے کی ایف آئی آر کے مطابق ملزم شمن سولنگی ودیگر نے متوفیہ کو بلیک میل کر کے شدید ذہنی دباؤ دیا جس کی وجہ سے عصمت نے خودکشی کی۔

چیف جسٹس آف سندھ ہائی کورٹ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے 13 جنوری کو ڈی آئی جی حیدرآباد اور ایس ایس پی دادو کو عدالت میں پیش ہونے کے احکامات جاری کئے۔دوسری جانب اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کا اظہار افسوس کرتے ہوئے ورثاء کی مکمل مدد اور تعاون کا اعلان کیا ۔طالبہ کی مبینہ خودکشی کے بعد ان کی والدہ کو اپنی بیٹی کا تحریر کردہ خط موصول ہوا۔

طالبہ کی جانب سے خودکشی سے پہلے لکھے گئے خط میں والدین سے براہ راست مخاطب ہو کر معافی مانگی گئی۔اس میں تحریر ہے کہ آپ دونوں نے میرے لیے بڑھاپے میں بہت محنت کی جس پر آپ کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔ واضع رہے کہ دادو کےعلاقے سیتاروڈ میں پیپلز میڈیکل کالج نوابشاہ میں زیر تعلیم میڈیکل کے چوتھے سال کی طالبہ کی لاش برآمد ہوئی تھی جسے گولی لگی ہوئی تھی۔

پولیس کا کہنا تھا کہ طالبہ نے بلیک میلنگ سے تنگ آ کر خودکشی کی تھی، خودکشی سے 2 روز قبل طالبہ کے والد کی مدعیت میں تھانہ سیتاروڈ پر 4 ملزمان پر بلیک میلنگ، ہراساں اور دھمکیوں کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔اس مقدمے میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ ملزم شمن سولنگی نے جعلی نکاح نامہ بنوا کر لڑکی کو بلیک کیا اور وقفے وقفے سے 90 ہزار روپے بھی لئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں