اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے غریب اور مستحق افراد میں چیکوں کی تقسیم کیلئے طریقہ کارواضح کردیا گیا ہے، خلیل جارج

کوئٹہ:پارلیمانی سیکرٹری اقلیتی امور و انسانی حقوق خلیل جارج نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت غریب اورمستحق افراد کی ہرممکن امداد کو یقینی بنارہی ہے اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے غریب اور مستحق افراد میں چیکوں کی تقسیم کیلئے طریقہ کارواضح کردیا گیا ہے اور جلد ہی کوئٹہ کے 6مقامات پرچیک تقسیم کئے جائیں گے اورکسی بھی مستحق اور غریب کی حق تلفی نہیں ہونے دیں گے۔یہ بات انہوں نے منگل کو اپنے دفتر میں ملاقات کرنے والے اقلیتوں کے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔خلیل جارج نے کہا کہ صوبائی حکومت وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی قیادت میں عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے ہرممکن اقدامات کررہی ہے اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے غریب اور مستحق افراد میں 21جنوری سے کوئٹہ شہر کے 6مختلف مقامات پر سمنگلی روڈنزد گیس دفترکے قریبی علاقوں میں،جوائنٹ روڈ جیم خانہ اور قریبی،شاہ زمان روڈ،نواں کلی،زرغون آباد،یوحنا آبا د فیز ٹو،واپڈا کالونی،بشیرآباد فیز ون،کلی کوتوال،کوئٹہ کینٹ کے چیک قریبی علاقوں میں،عیسیٰ نگری اورقریبی علاقوں میں مذہبی و اقلیتی رہنما تقسیم کریں گے انہوں نے کہا کہ چیکوں کی تقسیم کیلئے طریقہ کار واضح کردیا گیا ہے اوراس سلسلے میں مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جو چیکوں کی تقسیم کی نگرانی کریں گی۔خلیل جارج نے کہا کہ صوبائی حکومت کی یہ کوشش ہے کہ غریب اور مستحق افراد کی امداد کو یقینی بنایا جائے اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ عوام کیلئے انکے دروازے چوبیس گھنٹے کھلے ہیں اور عوام کسی بھی شکایت کی صورت میں براہ راست ان سے رابطہ کرسکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں