طویل بریک ڈاؤن کے بعد مکران کی بجلی بحال، اضافی لوڈشیڈنگ شروع

تربت (نمائندہ انتخاب) 26گھنٹوں کی بندش کے بعد ایران سے مکران کی بجلی جزوی طورپر بحال، وقفے وقفے سے مختلف علاقوں کوبجلی کی فراہمی شروع، بجلی بریک ڈاؤن کے باعث پی ٹی سی ایل کی ڈی ایس ایل سروس بھی معطل، ہفتہ کی صبح ساڑھے 9بجے ایران سے مکران کو سپلائی ہونے والی بجلی اچانک معطل ہوکر رہ گئی جو اتوار کے روز ساڑھے 11بجے کے 26گھنٹوں کے بعد جزوی طورپر بحال ہوگئی، کیسکو ذرائع کے مطابق ایران کی جانب سے ابتدائی طورپر مکران کو صرف20میگاواٹ بجلی کی فراہمی شروع کردی گئی ہے جس کی وجہ سے 80میگاواٹ بجلی کی قلت کے باعث اضافی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے اورمکران کے تینوں اضلاع کے تمام فیڈروں کو باری باری بجلی فراہم کی جائے گی اورایران سے بجلی کے کوٹہ میں اضافے کے بعد مکران کے تمام علاقوں کو معمول کی مطابق بجلی فراہم کر دی جائے گی، اس دوران مختلف فیڈروں کو وقفے وقفے سے طویل لوڈشیڈنگ کے ساتھ بجلی فراہم کی جارہی ہے، ادھر انجمن تاجران تربت کے صدر حاجی کریم بخش کا ایک پیغام سوشل میڈیا پر وائرل ہے کہ ایس ای کیسکو مکران سرکل کے مطابق ایران میں شدید سردی اوربرف باری کے باعث ایران میں بجلی کی پیداوارکم ہونے کی وجہ مکران کی بجلی معطل ہوگئی ہے، صارفین نے حکومت سے مکران کومتبادل ذرائع سے بجلی کی فراہمی کیلئے فوری اورہنگامی اقدامات اٹھانے کامطالبہ کرتے ہوئے خدشہ ظاہرکیاہے کہ صرف ایران سے فراہم ہونے والی بجلی پراکتفاکرنے سے مکران کوکسی بھی وقت بجلی کی سنگین اور طویل بحران کا سامنا ہوسکتاہے۔
مکران(نمائندہ خصوصی) طویل ترین بریک ڈاؤن کے بعد ایران سے مکران کی بجلی بحال کردی گئی، ہفتہ کے روز ایران جیکی گور گریڈ اسٹیشن سے مند مکران 132kv ٹرانسمیشن لائن میں مرمت کیلئے بجلی بند کردی گئی تھی، جو دوسرے روز اتوار کو بحال کردی گئی، تفصیلات کے مطابق ایران جیکی گور سے مند مکران 132kv ٹرانسمیشن لائن میں مرمت کیلئے ہفتے کی صبح مکران کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی، جس سے مند، تمپ، ہوشاب، تربت، پنجگور، اورماڑہ، گوادر سمیت مکران کے تمام علاقے تاریکی میں رہے، چوبیس گھنٹے سے زائد بریک ڈاؤن کے بعد اتوار کے روز ایران سے مکران کی بجلی بحال کردی گئی، تاہم اس سلسلے کیسکو ذرائع کے مطابق ایران سے مکران کو 20 میگاواٹ بجلی فراہم کی جارہی ہے، 80 میگاواٹ کا شارٹ فال کی وجہ سے کیسکو کو مکران میں مجبورا اضافی لوڈشیڈنگ کرنا پڑ رہا ہے، جونہی ایران سے اضافی میگاواٹ بجلی کی فراہمی شروع ہو مکران کے تمام علاقوں کو معمول کے مطابق بجلی کی سپلائی شروع کی جائیگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں