ُپشاور میں کار پر فائرنگ، پادری ہلاک

پشاور :پشاور میں نامعلوم ملزمان نے کار پر فائرنگ کرکے مقامی چرچ کے پادری کو قتل کردیا جب کہ ایک شخص زخمی ہوگیا، قتل کی وجہ معلوم نہ ہوسکی۔ نجی ٹی وی کے مطابق تھانہ گلبہار کی حدود رنگ روڈ نزد مدینہ مارکیٹ میں مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے شخص پر دو ملزمان نے فائرنگ کردی جس سے چرچ کا پادری ولیم سراج ہلاک اور دوسرا زخمی ہوگیا،ولیم سراج علاقہ تھانہ چمکنی کی حدود میں واقع چرچ میں پادری تھے جو کسی کام سے گاڑی میں جارہے تھے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور آس پاس کے علاقہ میں سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ بعدازاں لاش اور زخمی کو پوسٹ مارٹم رپورٹ کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے پشاور کے علاقہ رنگ روڈ پر چرچ کے پادریوں پر مسلح افراد کی فائرنگ کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا کو فائرنگ کے واقعے میں ملوث عناصر کی فوری گرفتاری کے لئے ضروری کاروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی ہے۔ اتوار کو اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے مسیحی برادری کی مذہبی شخصیات پر فائرنگ کے واقعے کو انتہائی قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس بہیمانہ واقعے کے ملزمان قانون کی گرفت سے کسی صورت نہیں بچ سکتے، انہیں فوری گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا اور کڑی سے کڑی سزا دی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں