دالبندین، ٹرانسفارمر جلنے کے بعد ابھی تک تبدیل نہیں کیا گیا، علاقہ تاریکی کا شکار

دالبندین: دالبندین کے علاقے فیصل کالونی کی مشرقی حصے میں دس روز سے تاریکی کا راج ہے کیسکو اہلکار جلی ہوئی ٹرانسفارمر تو لے گئے مگر ابھی تک بناکر نہیں لائے۔ تفصیلات کے مطابق دالبندین کے علاقے فیصل کالونی کے مشرقی حصے میں ٹرانسفارمر جلنے کے سبب دس روز سے بجلی کی سپلائی معطل ہے جس کی وجہ سے علاقہ مکین بالخصوص خواتین، بزرگ اور بچے اس سرد موسم میں شدید مشکلات کا سامنا کررہے ہیں۔ کیسکو اہلکاروں نے ٹرانسفارمر تو اتار دیا لیکن تاحال بناکر نصب نہیں کیا جس کی وجہ سے اہل علاقہ تاریکی میں ڈوب کر کیسکو اہلکاروں کے رحم و کرم پر بے یار و مددگار ہیں۔ دالبندین میں جب بھی کسی خاص علاقے کا ٹرانسفارمر جل جائے تو بڑی سفارش یا رشوت ملنے کے بعد مسئلہ جلدی حل ہوجاتا ہے مگر افسوس کہ کیسکو اہلکاروں کے سامنے عام عوام کی کوئی اہمیت نہیں۔ جس علاقے کا ٹرانسفارمر جل گیا ہے وہاں لوڈ زیادہ ہے لیکن ٹرانسفارمر 50 کے وی کا ہے جس کی وجہ سے اکثر ٹرانسفارمر جلنے کے واقعات ہوتے ہیں۔ اہلیان فیصل کالونی نے تمام سیاسی رہنماں بالخصوص ایم پی اے میر محمدعارف محمدحسنی، وزیر اعلی کے سابق مشیر اعجاز خان سنجرانی، سابق صوبائی وزیر سخی امان اللہ نوتیزئی، سابق ڈسٹرکٹ چیئرمین میر داد خان نوتیزئی اور سابق وفاقی وزیر سردار محمدعمر گورگیج سے مسئلہ حل کرانے کی درخواست کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں