پریانتھا کمارا قتل، مقدمے کا ٹرائل لاہور میں کرنے کا فیصلہ
لاہور:پنجاب حکومت نے سیالکوٹ میں سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کے قتل کے مقدمے کا ٹرائل لاہور میں کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
صوبائی حکومت کے نوٹیفکیشن کے مطابق مقدمے کا ٹرائل لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں ہوگا۔سری لنکن شہری کے قتل کیس کی پیروی پراسیکیوشن کی خصوصی ٹیم کرے گی اور تین رکنی خصوصی پراسیکیوشن ٹیم کی سربراہی خصوصی پراسيکيوٹر جنرل عبدالروف وٹو کریں گے۔
پراسکیوشن کو ہدایت کی گئی ہے کہ سانحہ سیالکوٹ کیس کی سماعت کی پیشرفت رپورٹ روزانہ پراسیکیوٹر جنرل پنجاب کو بھجوائی جائے۔واضح رہے کہ اس سے قبل سیالکوٹ میں سری لنکن شہری کو قتل کرنے کے مقدمے کا ٹرائل گوجرانوالہ کی دہشت گردی کی عدالت ميں چل رہا تھا۔
سانحہ سیالکوٹ کیس میں تفتیش آخری مرحلے میں داخل ہوچکی ہے۔واضح رہے کہ سیالکوٹ میں مشتعل ہجوم نے اسپورٹس ویئر بنانے والی کمپنی کے سری لنکن منیجر پریانتھا کمارا کو 3دسمبر 2021 کو قتل کرکے لاش کو آگ لگادی گئی تھی، ان پر توہین مذہب کا الزام لگایا گیا تھا۔
مقتول سری لنکن شہری کی لاش ہفتے کو پوسٹ مارٹم کے بعد سیالکوٹ سے لاہور منتقل کی گئی تھی۔پوسٹ مارٹم رپورٹ میں پریانتھا کی موت سر پر لگنے والی گہری چوٹ کو قرار دیا گیا تھا، تشدد سے ان کی تقریباً تمام ہڈیاں ٹوٹ گئی تھیں اور آگ لگانے سے ان کے جسم کا 90 فیصد حصہ جھلس گیا تھا۔


