منی لانڈرنگ کیس میں 18 فروری کو شہباز شریف، حمزہ شہباز پرفرد جرم عائد ہوگی ،فواد چوہدری

اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ طویل تحقیقات کے بعد بالآخر18 فروری کو شہباز شریف، حمزہ شہباز اور دیگر پر فرد جرم عائد ہوگی۔تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بتایا کہ 18فروری کو شہباز شریف، حمزہ شہباز اور دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کا باقاعدہ ٹرائل شروع ہوگا ۔ ان کا کہنا تھا کہ ان تحقیقات میں 14 ہزار بینکنگ ٹرانزیکشنز کو کھنگالا گیا تو حیرت انگیز تفصیلات سامنے آئیں، 25 ہزار روپے تنخواہ والے چپڑاسی مقصود کے نام پر اکاؤنٹ سے چار ارب روپے نکلے ہیں ۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ یہ 4 ارب روپےاس کے اکاؤنٹ سے ہوتا ہوا شریف فیملی کے اکاؤنٹس میں پہنچ گیا، ایسے درجنوں دلچسپ و عجیب فراڈ شہباز شریف کے مقدمے میں ہیں۔فواد چوہدری نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس دلچسپ و عجیب مقدمے کی سماعت براہ راست دکھانے کی اجازت دی جائے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور کی خصوصی عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف، ان کے بیٹے حمزہ شہباز سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے 18 فروری کی تاریخ مقرر کی تھی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں