بھارت انتہا پسندوں کا گڑھ بن چکا ہے،گورنر پنجاب

لاہور:گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ بھارت انتہا پسندوں کا گڑھ بن چکا ہے وہاں اقلیتوں کیلئے مذہبی آزادی اور تحفظ نام کی کوئی چیز نہیں نر یندرمودی اور آر ایس ایس میں صرف نام کا فرق ہے،انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کی بھارت میں انتہا پسندی کے خلاف خاموشی بھی کسی جرم سے کم نہیں،بھارت میں حجاب پر پابندی کے خلاف امت مسلمہ کو متحد ہوکرآواز بلند کر نا ہوگی،پاکستان میں اقلیتوں کو مذہبی آزادی اور تحفظ جیسی کوئی اور دنیا میں مثال نہیں ملتی۔وہ گور نر ہاؤس لاہور میں صوبائی وزیر اقلیتی امور اعجاز عالم کی قیادت میں ملاقات کر نیوالے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ اپنے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کے دوران گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ موجودہ حکومت وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں قائد اعظم محمد علی جناح کے ویژن کے مطابق پاکستان میں اقلیتوں کو مذہبی آزادی کے ساتھ ساتھ انکے جان ومال کے تحفظ کو بھی یقینی بنا رہی ہے اور ہم یہ بات فخر سے کر سکتے ہیں کہ اقلیتوں کے تحفظ کیلئے جو اقدامات پاکستان میں ہو رہے ہیں دنیا میں اسکی کوئی اور مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مذہبی آہنگی کے فروغ کیلئے بھی وفاقی اور پنجاب حکومت بھر پور کام کر رہی ہے اور یہ بات خوش آئند ہے کہ پاکستان کے امن واستحکام اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لئے پاکستان میں بسنے والے تمام اقلتیں اور مکتبہ فکر بھر پور تعاون کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انشا اللہ ہم سب ملکر پاکستان کو مضبوط،خوشحال اور پر امن بنائیں گے اور امن کے خلاف سازشیں کرنیوالے عناصر کو بھی ہر سطح پر ناکام بنایا جائے گا۔چوہدری محمدسرور نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے ساتھ جو شر مناک سلوک ہو رہا ہے وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارتی حکمرانوں اور آر ایس ایس کے نظریہ اور پالیسی میں کوئی فر ق نہیں دونوں مسلمانوں سمیت دیگر اقلیتوں کی جان کے دشمن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ د نیا میں جن ممالک میں اقلیتوں کو تحفظ نہیں ملتا وہ تبا ہ ہوجاتے ہیں اور بھارت بھی تباہی کے راستے پر گامزن ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت جو کچھ اقلیتوں کیساتھ کر رہا ہے اس کا سب سے زیادہ نقصان خود بھارت کو ہی ہوگا۔ گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ ہم اپنے بھارتی مسلمان بہن بھائیوں کو یقین دلاتے ہیں کہ انکی مذہبی آزادی اور تحفظ کیلئے اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی اداروں میں آواز بلند کر یں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں سمجھتاہوں کہ بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ ہونیوالے مظالم کے خلاف امت مسلمہ کو بھی متحد ہوکر کام کر نے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے کسی بھی صورت اپنے بھارتی مسلمان بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑانا بلکہ انکے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہونا ہے۔ صوبائی وزیر اقلیتی امور اعجاز عالم نے کہا کہ ہم بھی بھارت میں اقلیتوں کیساتھ پیش آنیوالے مظالم اور مذہبی آزادی پر ہونیوالے حملوں کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہم پاکستان میں ہیں اور یہاں ہمیں مکمل مذہبی آزادی اور تحفظ حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلی بار صوبے میں اقلیتوں کے مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ انکو سرکاری ملازمتوں میں کوٹہ سمیت دیگر کاموں میں بھی ریلیف دیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری زندگی کا مشن بھی پاکستان کو مضبوط اور مستحکم بناناہے جسکے لیے ہم کسی قر بانی سے دریغ نہیں کر ینگے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں